امریکا کے اقدامات سے تعلقات میں تناؤ پیدا ہوگا، میاں مقصود

38

لاہور (نمائندہ جسارت) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے ٹرمپ حکومت کی جانب سے پاکستان کے لیے فوجی تربیتی پروگرام منسوخ کرنے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکا پاکستان میں بننے والی نئی حکومت کو دباؤمیں رکھنے کی غرض سے اس قسم کے اقدامات کررہا ہے۔ انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام میں 66 پاکستانیوں کے لیے مختص جگہ ختم کی جارہی ہے۔ اسی طرح نیول اسٹاف، نیول وار کالج اور سائبر سیکورٹی اسٹڈیز کورسز بھی بند کیے جارہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ امریکا کی جانب سے اس قسم کے اقدامات سے تعلقات میں مزید خرابی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کا دوہرا معیار کھل کر سامنے آگیا ہے۔ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ ماضی میں بھی وہ اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتا رہا ہے۔ امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات برابری کی سطح پر قائم ہونے چاہئیں۔ پاکستان نے نائن الیون کے بعد سے فرنٹ لائن اتحادی بن کر جتنی قربانیاں دی ہیں اتنی خود امریکا نے نہیں دیں۔ نام نہاد جنگ میں 70 ہزار سے زائد پاکستانی لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ ایک سو بیس ارب ڈالر سے زائد کا نقصان پاکستانی معیشت کو پہنچا ہے اور اس کے بدلے میں ملنے والی امداد آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ پاکستان میں اقتدار کی منتقلی ہورہی ہے اس لیے امریکی حکام کی جانب سے بلاوجہ ایسے گھناؤنے اقدامات کیے جارہے ہیں جن سے تعلقات میں تناؤ پیدا ہوگا۔ وقت کاتقاضا ہے کہ امریکی غلامی کا طوق گلے سے اتار پھینکا جائے اور ایسی خارجہ پالیسی مرتب کی جائے جو باوقار، قومی سلامتی کی عکاس اور خود مختاری پر مبنی ہو۔ ماضی کے حکمرانوں نے امریکی غلامی کا دم بھرنے کی خاطر سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو پہنچایا ہے۔ پاکستان ایک آزاد، خودمختار ریاست ہے۔ دنیا کو ہماری آزادی، خودمختاری اور سلامتی کا احترام کرنا ہوگا۔ ہماری قربانیوں کا اعتراف کیے بغیر معاملات ٹھیک نہیں ہوسکتے۔ نگراں حکومت دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات کے حوالے سے اہمیت کے حامل پروگرامات کوختم کرنے پر امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کرے۔ دباؤ کم کرنے کے لیے چین، روس، ترکی اور ایران کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.