امریکی شہری کی انوکھی خودکشی‘ چوری کرکے طیارہ گرادیا

91
سیئٹل: جائے حادثہ سے دھواں اٹھ رہا ہے‘ چھوٹی تصویر تباہ ہونے والے طیارے کی ہے
سیئٹل: جائے حادثہ سے دھواں اٹھ رہا ہے‘ چھوٹی تصویر تباہ ہونے والے طیارے کی ہے

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں ہوائی اڈے کے ایک ملازم کی جانب سے چرایا جانے والا خالی مسافر طیارہ ایک جزیرے پر گر کر تباہ ہوگیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق طیارہ چرانے والا ملازم اناڑی تھا اور اس نے خودکشی کے لیے ایسا کیا۔ حکام نے تاحال طیارہ چرانے والے 29 سالہ ملازم کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے اور قوی امکان ہے کہ وہ حادثے میں زندہ نہیں بچا ہے۔ ابتداً یہ بتایا گیا تھا کہ طیارہ چرانے والا شخص ایک میکینک تھا، لیکن بعد ازاں حکام نے وضاحت کی کہ ملازم گراؤنڈ سروس کا اہل کار تھا، جس کا کام ہوائی اڈے پر طیاروں کو گیٹس تک رہنمائی فراہم کرنا اور ان پر جم جانے والی برف ہٹانا ہوتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ چرایا گیا طیارہ الاسکا ائرلائنز کی نجی کمپنی ہورائزن ائر کا تھا جو امریکا کی مغربی ریاستوں میں چھوٹے روٹس پر پروازیں چلاتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 76 نشستوں والا طیارہ جمعہ کی شام ریاست واشنگٹن کے مصروف تین سی ٹیک انٹرنیشنل ائرپورٹ پر کھڑا تھا کہ 29 سالہ ملازم کنٹرول ٹاور کے روکنے کے باوجود اسے اڑا لے گیا۔ واقعے کے وقت طیارے میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا۔ واقعے کے وقت کی وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈھلتی شام کے اوقات میں طیارہ فضا میں لمبے چکر کاٹ رہا ہے اور دیگر کرتب دکھا رہا ہے۔ علاقہ پولیس کے ترجمان ایڈ ٹرایر نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ بظاہر لگتا ہے کہ ملزم خود کشی کرنا چاہتا تھا اوراس کی یہ کارروائی دہشت گردی نہیں تھی۔ ترجمان کے مطابق طیارہ چرائے جانے کی اطلاع پر فوج سے مدد طلب کی گئی، جس کے بعد پڑوسی ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں واقع فوجی اڈے سے ایک ایف 15 جنگی طیارہ چند منٹوں میں ہی روانہ کردیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے مسافر طیارے کے گرنے سے قبل ایک جنگی طیارے کو اس کا پیچھا کرتے دیکھا تھا۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ مسافر طیارہ پائلٹ کی اپنی غلطی سے گرا اور اسے گرانے کے لیے جنگی طیارے نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ حکام کے مطابق طیارہ ریاست واشنگٹن کے علاقے ٹیکوما کے جنوب مغرب میں واقع کیٹرون نامی جزیرے پر گر کر تباہ ہوا، جہاں واقعے کے بعد فیریز اور کشتیوں کے ذریعے امدادی اور سیکورٹی اہل کار پہنچے۔ علاقہ پولیس کا کہنا ہے کہ طیارہ چرانے والے شخص کے ماضی کی چھان بین کی جا رہی ہے۔
انوکھی خودکشی

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.