اہم خبریں

124

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب
کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)گورنر بلوچستان نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کر لیا نئے ارکان کی حلف برداری کے ساتھ ساتھ اسپیکر اور ڈْپٹی اسپیکر کا انتخاب بھی عمل میں لایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق گورنر بلوچستان
محمد خان اچکزئی نے اسمبلی کا اجلاس 13اگست کو طلب کر لیا ۔اجلاس کی صدارت اسپیکر راحلیہ حمید خان درانی کریں گی۔اجلاس کے دوران نئے ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے جس کے بعد اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لاجائے گا۔

بلاول زرداری نے پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا
اسلام آباد(آئی این پی)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کر لیا۔ اجلاس آج سہ پہر ہوگا۔اجلاس میں انتخابات میں کامیاب ہونے والے اراکین کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی
گئی ہے۔ اجلاس میں پارلیمنٹ میں حکمت عملی اور اپوزیشن سے تعاون پر غور ہوگا جبکہ پارلیمانی لیڈر کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی کا چائے والا رکن اسمبلی کروڑوں کا مالک نکلا
پشاور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی بننے والا ’چائے والا‘ گل ظفر خان کروڑ پتی نکلا۔ گل ظفر خان کی سوشل میڈیا پر چائے بناتے ہوئے وڈیو وائرل ہوئی تھی جس سے یہ تاثر عام ہوا تھا کہ پی ٹی آئی
کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی بننے والا ظفر علی خان ایک چائے فروش ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق باجوڑ سے منتخب ہونے والے گل ظفر خان دراصل ایک کروڑ پتی شخصیت ہیں، جنہوں نے الیکشن کمیشن میں 3 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔ گل ظفر کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق ان کے اثاثوں میں ایک کروڑ روپے کی غیر منقولہ جائداد شامل ہے جب کہ ان کے پاس ایک کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کے 2 گھر بھی ہیں۔ گل ظفر خان ایک نان کسٹم پیڈ گاڑی اور 10 تولہ سونے کے مالک ہیں جب کہ ان کے بینک اکاؤنٹ میں 20 لاکھ روپے ہیں اور 10 لاکھ روپے مالیت کا گھریلو سامان ہے۔ نومنتخب رکن قومی اسمبلی ظفر خان گارمنٹس کے کاروبار سے وابستہ ہیں اور ان کے کل اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 14 لاکھ 80 ہزار روپے ہے جبکہ ان کے اثاثوں میں ایک سال کے دوران 14 لاکھ 80 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

محلات نما گورنر ہاؤس کے اخراجات کم کریں گے، چودھری سرور
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و نامزد گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ وعدے پورے کریں گے ،سادگی اپنائیں گے۔ ہفتے کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے گورنر ہاؤس کا رقبہ31 سے ایک ایکڑ میں بھی ہوجائے تو اس گورنر ہاؤس کا مقصد پورا ہو سکتا ہے،محلات نما گورنر ہاؤسز کے اخراجات بھی کم کیے جائیں گے،(ن) لیگ نے 10 سالہ دور حکومت میں پنجاب کا بیڑا غرق کیا ،ہم پنجاب میں عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

کنزیومر کورٹ قائم نہ کرنے پر سندھ ہائی کورٹ برہم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے صوبے کے29 اضلاع میں کنزیومر کورٹ کے قیام سے متعلق احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے ایڈیشنل سیکرٹری قانون اور ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ کو طلب کرلیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں سماعت کے موقع پر عدالت کا کہنا تھا کہ بتایا جائے کنزیومر کورٹ کے قیام کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں‘عدالت نے28 اگست کو تمام فریقین سے وضاحت طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

پنجاب اسمبلی کا پہلا اجلاس15 اگست کو طلب
لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب اسمبلی کا پہلا اجلاس 15 اگست کی صبح دس بجے طلب کر لیا گیا ہے، گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے وزارت قانون کی جانب سے اجلاس طلب کرنے کے سلسلے میں بھیجی گئی سمری منظور کر لی ہے، 15 اگست کو منعقد ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پنجاب سے منتخب ہونے والے تمام ارکان اسمبلی اپنی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 15 اگست کو ارکان اسمبلی کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد آئینی طور پر اجلاس بلانے کے لیے مختص 21 ایام کا آخری دن ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ