سعودی عرب میں ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا، وقوف عرفہ20 اگست کو ہوگا

75

ریاض (صبا ح نیوز) سعودی عرب میں ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا جس کے بعد وہاں آج یکم ذوالحجہ ہے۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ20 اگست کو ادا کیا جائے گا اور 21 اگست کو عیدالاضحی کا پہلا دن ہوگا۔ سعودی عدالت عظمیٰ نے شہریوں سے ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کی درخواست کی تھی۔ مختلف ممالک میں ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس ہوئے جس کے بعد ملائیشیا، انڈونیشیا، برونائی دارالسلام اور یونان میں چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کردیا گیا۔عرب اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان ممالک میں ہفتے کو چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد سرکاری طور پر اعلان کیا گیا کہ یکم ذوالحجہ 13اگست اور عید الاضحی 22 اگست کو منائی جائے گی۔ سعودی عرب نے پہلے ہی عید الاضحی کے لیے11 روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات نے 5 یوم کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان میں محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ پاکستان میں اسلامی مہینے ذوالحجہ کا چاند آج (12 اگست کو) نظر آسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چاند کی پیدائش ہفتے کی دوپہر 2 بج کر 59 منٹ پر ہوچکی ہے اور فلکیاتی پیرا میٹرز کے مطابق ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کا قوی امکان 12اگست کی شام کو ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج( اتوار کو) ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع کبھی صاف اور کبھی جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔چاند کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد کرے گی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ