وزیراعظم کی تقریب حلف برداری، صدر ممنون نے دورہ برطانیہ ملتوی کردیا

117
اسلام آباد، صدر ممنون حسین سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ملاقات کررہے ہیں
اسلام آباد، صدر ممنون حسین سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری کے پیش نظر دورہ برطانیہ ملتوی کر دیا۔ذرائع ایوان صدر کے مطابق صدر ممنون حسین کی برطانیہ روانگی 15 اگست کو طے تھی جب کہ سرکاری دورے کے شیڈول کے مطابق صدر کی واپسی 19 اگست کو ہونا تھی تاہم تحریک انصاف نے صدر مملکت سے غیر ملکی دورے کو ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی کیوں کہ انہی تاریخوں میں نئے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری متوقع ہے۔ایوان صدر ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ صدر مملکت نے اپنا دورہ برطانیہ ملتوی کردیا ہے اور ایوان صدر وزیراعظم کی 16 سے 18 اگست کے دوران ہونے والی
متوقع تقریب حلف برداری کے لیے تیار ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین 16سے 19 تاریخ تک ایڈنبرا جا رہے تھے ،گزشتہ روز نگران وزیر قانون علی ظفر نے صدر مملکت سے ملاقات کی جس میں وزیر قانون نے صدر مملکت سے کہا کہ حکومت سازی کے اہم مرحلہ میں آپ کی ملک میں موجودگی ضروری ہے جس پر صدر مملکت نے ان کی اس استدعا کو قبول کیا۔صدر مملکت ممنون حسین اب نو منتخب وزیر اعظم کی حلف برداری کے بعد غیر ملکی دورہ کرینگے۔صدر مملکت نے خیبرپختونخوا اور پنجاب کے گورنرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ نئی حکومت کے قیام تک اپنے استعفے موخر کر دیں جس پر دونوں گورنرز نے بھی اپنے استعفے موخر کر دیے ۔واضح رہے کہ صدر ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کیا ہوا ہے ۔ نگران وزیر اعظم کی جانب سے نو منتخب قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر نے کی سمری دو روزقبل بھجوائی گئی تھی۔ نومنتخب اراکین قومی اسمبلی 13 اگست کے اجلاس میں اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے جس کے بعد سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ