امریکا نے پاکستان کے ساتھ مشترکہ فوجی تربیت اورتعلیمی منصوبے ختم کردیے

419

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے پاکستان کے ساتھ مشترکہ فوجی تربیت اورتعلیمی منصوبے ختم کردیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ منصوبے گزشتہ ایک دہائی سے بھی زائد عرصے سے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی بنیاد تھے۔بتایا گیا ہے کہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے اس طرح کا قدم پہلے کبھی نہیں اٹھایا گیا تاہم اسے صدر ٹرمپ کے ان اقدامات کے تناظر میں سمجھا جاسکتا ہے جس میں انہوں نے پاکستان کی جانب سے مزید شدت پسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن نہ کرنے پر امریکی سیکورٹی مدد ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام (آئی ایم ای ٹی) کے تحت اس سال 66 پاکستانی افسران کو تربیت فراہم کرنا تھی اور اب اسے ختم کیا جارہا ہے۔ یہ مواقع کسی اور ملک کو فراہم کردیے جائیں گے۔پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکا کے سابق نمائندہ خصوصی، ڈین فیلڈ مین نے اس قدم کو دونوں ممالک کے مستقبل پر منفی اثرات سے تعبیر کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ایک نمائندے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ آئی ایم
ای ٹی منسوخی کی قیمت 24 لاکھ ڈالر ہے اور اس سے مزید 2 منصوبے بھی متاثر ہوں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ امریکی اور پاکستانی فوجی حکام آئی ایم ای ٹی سے ماورا رہتے ہوئے کس طرح کے اعلیٰ سطح تعلقات قائم رکھتے ہیں؟ اہم امر یہ ہے کہ پاکستان اور امریکی فوجی تعاون ہمیشہ سے سیاسی دباؤ اور تعلقات سے آزاد رہا ہے۔ پینسلوانیہ میں امریکی فوجی کالج میں 37 پاکستانی فوجی افسران سمیت ڈی جی آئی ایس آئی بھی پڑھ چکے ہیں لیکن اس سال ان کی فہرست میں ایک بھی پاکستانی فوجی افسر شامل نہیں۔واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ پاکستان نے ان کے ساتھ دھوکا کیا اور جھوٹ بولتا رہا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ پاک فوج اور پینٹاگون نے براہِ راست اس پر کوئی رائے نہیں دی تاہم ان کے مطابق یہ پریشان کن فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے لیے شدید نقصان دہ ہوگا۔ پاکستانی افسران نے اس فیصلے پر خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی عسکری لیڈرشپ کی تربیت کے لیے چین اور روس سے رجوع کرسکتے ہیں۔ادھر پاکستانی سینیٹ میں خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر مشاہد حسین سید نے اس اقدام کو مخالفانہ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسی ہفتے روس اور پاکستان فوجی تربیت کے ایک معاہدے پر دستخط کرچکے ہیں جس کے تحت پاکستانی فوجی افسران روسی اداروں میں تربیت حاصل کریں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ