عمران خان منسٹر انکلیو کے عام گھر میں رہیں گے، فواد چودھری

97

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعظم ہاؤس یا پنجاب ہاؤس میں رہنے کے بجائے منسٹر انکلیو کے عام گھر میں رہیں گے۔بنی گالا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا جب کہ ڈپٹی اسپیکر کی نامزدگی کا اعلان جلدکردیا جائے گا۔انہوں نے کہا پنجاب کے وزیراعلیٰ کا معاملہ تاحال حل طلب ہے اس پر کوئی نامزدگی نہیں ہوئی ہے۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پہلے وہ خود سادگی اختیار کریں گے تاکہ دوسروں کو بھی سادگی کی تلقین کر سکیں۔ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بنی گالا میں جو بھی سیکورٹی انتظامات ہوئے اس کے اخراجات خود عمران خان نے برداشت کیے ہیں، اس کے لیے ایک روپیہ بھی سرکاری خزانے سے نہیں لیا گیا اور اگر عمران خان کی رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کی ضرورت ہوئی تو وہ بھی چیئرمین پی ٹی آئی خود کریں گے، اس کے لیے بھی سرکاری فنڈ سے خرچ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے، یہی وہ مثال ہے جس کا عمران خان نے قوم سے کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ترجمان نے بتایا کہ بھارتی ہائی کمشنر سے انہی امور پر بات ہوئی جن پر مودی کی مبارکباد کی کال پر ہوئی تھی، ہم نے کشمیر سمیت تمام معاملات پر کھل کر بات کی، دونوں ملکوں کے بہتر تعلقات مفادات میں ہیں، ہم ریجنل کوآپریشن چاہتے ہیں، بھارت کی طرف سے مثبت جواب آیا تو عمران خان بھی تعلقات کی بہتری چاہتے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم کو تقریب حلف برداری میں مدعو کرنے کی بات نہیں ہوئی، وقت کی کمی کی وجہ سے بھارتی وزیراعظم کو نہیں بلاسکے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ