ہار جیت نظر یاتی تحریکوں کا راستہ نہیں روک سکتی ‘حافظ نعیم 

218

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ دھاندلی کو دھاندلی ہی کہیں گے اور لوگوں کو بتائیں گے کہ دھاندلی کیسے کی گئی ہے ، الیکشن کمیشن کی سر پرستی میں من پسند نتائج حاصل کیے گئے ۔پاکستان اسلام کے لیے بنایا گیا اور اس ملک میں اسلامی انقلاب ضرور آئے گا ،جماعت اسلامی ایک دعوتی و نظر یاتی تحریک اورزندہ اجتماعیت کا نام ہے۔ دعوت کا کام جاری رکھیں گے ، مخالفین میں اضافہ کرنے کے بجائے لوگوں کے دل جیتنا چاہتے ہیں۔ملک میں اللہ کی حاکمیت قائم کرنے کے لیے انتخابی میدان میں اترے۔انتخابات میں ہاروجیت نظریاتی تحریکوں کا راستہ نہیں روک سکتی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے تحت مسجد قریشاں لانڈھی نزد چراغ ہوٹل میں اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر متحدہ مجلس عمل کے نو منتخب رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید،امیر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم عبدالجمیل خان،نائب امیر اور الیکشن سیل کے انچارچ سیداقبال سعید،سیکرٹری مرزافرحان بیگ اورعارف رحمن نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اقامت دین کا کام پوری زندگی کا سودا ہے ۔ شیطان انسانوں میں مایوسی اور انتشار پیدا کرتا ہے ۔ہم شیطان کا راستہ روکیں گے اور لوگوں کو دین کے لیے متحد کیا جائے گا۔ عوام سے مسلسل رابطہ قائم رکھا جائے گا۔ نوجوانوں کو جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم پر متحد و منظم کریں گے۔ہمیں اپنے حصے کا کام کرنا چاہیے ۔ہمیں اپنے پلیٹ فارم کو اور زیادہ وسعت دے کر اورلوگوں کو اپنا ہمنوا بناکرفرسودہ نظام کے خاتمے اورملک سے غربت بھوک اور افلاس کو جڑسے اکھاڑنے کی جدو جہد جاری رکھنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت خدمت کا نشان ہیں ۔عیدالضحیٰ کے موقع پر ہم قربانی کی کھالیں جمع کر کے رفاہی پروجیکٹ چلاتے ہیں ۔ کارکنان عیدالضحیٰ کے موقع پر غریب اور مستحق لوگوں کے لیے کھالیں جمع کریں اور رب کی خوشنودی حاصل کریں۔ عبدالرشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ منصب اور عہدے ایک امتحان ہیں ہمیں اس عہدے کو دعوت کے لیے استعمال کرنا ہوگا اور رب کی زمین پر رب کے نظام کی جدوجہد کو تیز تر کرنا ہو گا، ہماری کوشش ہو گی کہ عوام کے اعتماد پر پورا اتریں ۔عبدالجمیل خان نے کہا کہ انتخاب میں ہار جیت ہوتی ہے ہمیں اپنی کوتاہیوں کا جائزہ لینا ہوگا ،ہمارے کارکنان اورذمے داران نے مسلسل 2 ماہ انتھک جدوجہد کی،اللہ اس کو قبول فرمائے اور ملک میں قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ کے لیے ہماری اس جدوجہد کو قبول فرمائے۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر کارکنان ایک نئے جوش ،عزم اور ولولے کے ساتھ چرم قربانی مہم میں حصہ لیں ۔ہرسال ضلع بن قاسم میں کھالوں میں اضافہ ہوتا رہاہے ۔ان شاء اللہ اس سال بھی بن قاسم کی جمع شدہ کھالوں میں ریکارڈاضافہ ہوگا۔سیداقبال سعید نے کہا کہ قیادت پر اعتماد ہی نظریاتی تحریکوں کا اثاثہ ہوتی ہے ۔الخدمت کے نگران عارف رحمن نے اس موقع پر الخدمت کی رپورٹ پیش کی ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ