دہشتگردوں کو پناہ ، عامر خان ، رئیس مما، منہاج قاضی پر ترمیم شدہ فرد جرم عاید

40

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو میں خطرناک دہشت گردوں کو پناہ دینے سے متعلق کیس کی سماعت میں عدالت نے عامر خان سمیت تینوں ملزمان پر ترمیمی فرد جرم عاید کردی اور گواہان اور تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان، منہاج قاضی اور ہائی پروفائل ٹارگٹ کلر رئیس مما عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے عامر خان سمیت تینوں ملزمان پر ترمیمی فرد جرم عاید کردی جس پر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ عامر خان اور منہاج قاضی پر پہلے بھی فرد جرم عاید کی گئی تھی۔ مفرور ملزم رئیس مما کی گرفتاری کے بعد دوبارہ ترمیمی فرد جرم عاید کی گئی ہے اور ملزمان عمران اعجازنیازی اور نعیم کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔ پولیس افسر نے عدالت میں بتایا کہ عامر خان و دیگر کے خلاف ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو میں دہشت گردوں کو پناہ دینے کا مقدمہ درج ہے، کیس میں ملزم منہاج قاضی اور رئیس مما گرفتار ہیں جبکہ عامر خان ضمانت پر ہیں۔ ملزمان کے خلاف عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ