برطانیہ میں غیر منقولہ جائیدادیں رکھنے والے پاکستانیوں کیخلاف کارروائی شروع

251

ایف بی آر نے برطانیہ میں غیر منقولہ جائیدادیں رکھنے والے پاکستانیوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی مدت پوری ہونے پر ہفتے کے روز برطانیہ اور دبئی میں جائیدادیں رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو نوٹس جاری کیے تھے۔

چیئرپرسن ایف بی آر رخسانہ یاسمین کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں غیر منقولہ جائیدادیں رکھنے والے پاکستانیوں کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کردی ہے جو  ٹیکس ایمنسٹی سے فائدہ نہ اٹھانے والے پاکستانیوں کے خلاف کی جارہی ہے۔

چیئرپرسن ایف بی آر کا کہنا تھاکہ برطانیہ میں غیر منقولہ جائیدادوں کے مالک پاکستانیوں کی معلومات برطانوی ٹیکس اتھارٹی سے لی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے برطانیہ میں جائیداد رکھنے والے ایسے پاکستانی شہریوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں جنہوں نے ایمنسٹی اسکیم میں ٹیکس ظاہر نہیں کیا۔

نوٹس میں پوچھا گیا ہےکہ جائیداد کب اور کس سے خریدی گئی؟ اور جس پیسے سے جائیداد خریدی گئی وہ پیسہ کہاں سے آیا؟ اس پیسے پر ٹیکس کا اطلاق تھا یا نہیں؟

ذرائع کا کہنا ہےکہ نوٹس ایسے افراد کو جاری کیے گئے جو بیرون ملک جائیداد سے کرائے کی شکل میں انکم وصول کررہے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ