نقب زنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے تاجر برادری خوفزدہ ہے ، شرجیل گوپلانی

55
ٹمبر مارکیٹ اولڈ سٹی ایریا میں شرجیل ٹمبر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر شرجیل گوپلانی ، حکیم شاہ، احمد شمسی، عاطف شیخ، محمد سعید احمد، الطاف سومرو، زاہد امین ، طارق ممتاز، زبیر علی خان ، منصور جیک ، طاہر سربازی، اور دیگر موجود ہیں
ٹمبر مارکیٹ اولڈ سٹی ایریا میں شرجیل ٹمبر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر شرجیل گوپلانی ، حکیم شاہ، احمد شمسی، عاطف شیخ، محمد سعید احمد، الطاف سومرو، زاہد امین ، طارق ممتاز، زبیر علی خان ، منصور جیک ، طاہر سربازی، اور دیگر موجود ہیں

کراچی(اسٹاف ر پورٹر) آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے چیئرمین شرجیل گوپلانی نے کہا کہ ہم ہر اس شخص کے ساتھ کھڑے ہیں جو تاجروں کے حق کی بات کرتا ہے جب کہپیٹریاٹ بزنس مین گروپ کے سربراہ افضل چامڑیا نے کہا ہے کہ تاجروں کی فلاح وبہبود کے لیے میدان میں اتریں ہیں،کراچی کے تاجروں کی آواز چھوٹے تاجر ہی ہیں اور چھوٹے تاجروں کے لیے ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ٹمبرمارکیٹ میں شرجیل ٹمبر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا۔اس موقع پر آل سٹی تاجر اتحاد ایسو سی ایشن کے چیئرمین شرجیل گوپلانی،سرپرست اعلیٰ انصار بیگ قادری،احمد شمسی،زبیر علی خان،محمد سعید احمد،عاطف شیخ،زاہد امین، طارق ممتاز، الطاف سومرو اوردیگر موجود تھے۔اس موقع پر آل سٹی تاجر اتحاد کے چیئرمین حکیم شاہ، منصور جیک، طاہر سربازی،جمال سیٹھی نے خصوصی شرکت کی۔افضل چامڑیا نے مزید کہا کہ تاجر برادری کراچی چیمبر کے انتخاب میں ہمارا ساتھ دے،ہم ہر قسم کے دباؤ کے باوجود کراچی چیمبر کا میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، انتخاب لڑنا ہمارا حق ہے ۔اس موقع پر آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے چیئرمین شرجیل گوپلانی نے کہا کہ ہم ہر اس شخص کے ساتھ کھڑے ہیں جو تاجروں کے حق کی بات کرتا ہے۔
اس وقت کراچی کے چھوٹے تاجر ٹیکس افسران کی لوٹ مار، اسٹریٹ کرائم، بجلی کے بحران سمیت کئی مسائل کا شکار ہیں ،کراچی میں سندھ رینجرز کی کوششوں سے امن ومان کی صورتحال میں بہتری ضرور آئی ہے لیکن نقب زنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی وجہ سے تاجر برادری ابھی تک خوفزدہ ہے ۔اس موقع پر آل سٹی تاجر اتحاد کے چیئرمین حکیم شاہ نے کہا کہ ہمارا آنے والی حکومت سے مطالبہ ہے کہ ملک کے اندر ٹیکس کے دائرے کار کو بڑھانے کے لیے سب سے پہلے ٹیکس افسران کو کنٹرول کیا جائے تاکہ وہ تاجروں کو خوفزدہ نہ کرسکیں۔اس موقع پر انصار بیگ نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے نئی حکومت کا خیر مقدم کیا جارہا ہے جس کے باعث اسٹاک مارکیٹ اور روپے کی قدر میں بہتری آ رہی ہے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ