ایف بی آر نے نجم سیٹھی اور ان کی اہلیہ سے اثاثوں کی تفصیل مانگ لی

77

اسلام آباد(جسارت نیوز)چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور اہلیہ مشکل میں پھنس گئے، دونوں سے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں، چیئرمین پی سی بی سے ایک کروڑ 6 لاکھ کے گفٹ ظاہر کرنے کی تفصیل بھی مانگی گئی ہے۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی پر بڑی مشکل آ گئی، ایف بی آر نے انہیں آڈٹ کیلئے منتخب کر لیا۔ نجم سیٹھی اور ان کی اہلیہ گزشتہ6 سال کا حساب دیں گے۔ ایف بی آر نے دونوں کو جلد از جلد اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔نجم سیٹھی کی جانب سے ظاہر کیے گئے ایک کروڑ 6 لاکھ روپے کے گفٹس کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔ اثاثہ جات کی معلومات ملنے کے بعد ایف بی آر چیئرمین پی سی بی کے خلاف چھان بین کا آغاز کرے گا۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے کھیل کے اداروں کو سیاسی تقرریوں سے پاک کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے صوبائی گورنرز کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اور ہاکی فیڈریشن کی طرف رخ کر لیا ہے، چیئرمین کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کو بھی عہدے سے ہٹایا جائیگا کیونکہ ان کی تقرری نواز شریف نے سیاسی بنیاد پر کی تھی۔دوسری جانب پی ٹی آئی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر کو بھی عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خالد کھوکھر کی تقرری بھی اہم لیگی شخصیت کے رشتہ دار ہونے کی بنیاد پر کی گئی تھی، اب پی ٹی آئی سیاسی طور پر ہونیوالی تقرریوں کو ختم کرے گی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ