کرکٹرز کی جانب سے عمران خان کو مبارکباد

86

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے انتخابات میں کامیابی پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو مارکباد دی ہے۔شاہد آفریدی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ تحریک انصاف اور عمران خان کو انتخابات میں کامیابی مبارک ہو۔ 22 سالہ جدوجہد کا نتیجہ کامیابی کی صورت میں مل گیا۔ پاکستانیوں کی آپ سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، ہارنے والی جماعتیں شکست تسلیم کر کے پاکستان کی مضبوطی میں کردار ادا کریں۔دوسری طرف بھارت کے لیجنڈ کرکٹراورسابق کپتان کپل دیو نے عمران خان کووزیراعظم بننے کی پیشگی مبارک باد دی ہے اورامید ظاہرکی ہے کہ پاک بھارت کرکٹ تعلقات بحال ہوئے تو خوشی ہوگی۔عمران خان کے نام اپنے پیغام میں کپیل دیو نے کہاکہ کھلاڑی کا وزیراعظم کے عہدے تک پہنچنا بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔انھوں نے امیدظاہرکی کہ عمران کے وزیراعظم بننے سے پاک بھارت کرکٹ تعلقات بحال ہوئے توبے حدخوشی ہوگی۔کپل دیونے کہاکہ عمران خان کوانتخابات میں کامیابی پرمبارکباد پیش کرتا ہوں۔ عمران خان کا وزیراعظم بننا بہت خوشی کی بات ہوگی۔سابق بھارتی کپتان کاکہناتھاکہ عمران خان میں پہلے بھی جنون تھا،اب بھی ہے۔کپل دیو نے مزید کہاکہ تمام ساتھی کھلاڑیوں کی طرف سے عمران خان کو مبارکباد دیتاہوں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے عام انتخابات 2018ء میں کامیابی پر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو مبارک باد دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز عام انتخابات میں تحریک انصاف کی واضح برتری کے بعدجہاں دیگر کھلاڑی عمران خان کو مبارکباد پیش کررہے ہیں وہیں تحریک انصاف کی اس کامیابی پر قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولرشعیب اختر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ’’ یہ 22 سال کی انتھک کوششوں، مضبوط ارادے اور کبھی ہار نہ ماننے کا ثمر ہے ،،عمران خان کو بہت بہت مبارک باد، آپ نے یہ کردکھایا۔ اس کے علاوہ قومی کرکٹر محمد حفیظ نے بھی عمران خان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ آپ نے ایک بار پھر کر دکھایا، کرپشن کے خلاف طویل جدو جہد تھی۔محمد حفیظ نے عمران خان کو طاقتور، بھروسہ مند اور بہترین رہنما قرار دیتے ہوئے لکھا کہ بن گیا نیا پاکستان انشااللہ‘ ایسے ہی کرکٹر احمد شہزاد نے بھی عمران خان کی جدو جہد کو سراہا اور انہیں مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ آخر کار اب ہمارے پاس ایک ایسا رہنما ہے جس پر ہم فخر کرسکتے ہیں دنیا کے آگے ، نئے پاکستان کا خواب پورا ہوگیا ہے۔ دوسری طرف پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو مل کر بہتر بنائیں ، عامر خان نے عمران خان کی جیت پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔جمعرات کو پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کو مل کر بہتر بنائیں ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ