فخر زمان پاکستان کودوبارہ عالمی کپ جتواسکتے ہیں ‘سابق کپتان راشد لطیف

69

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ اوپنر فخر زمان آئندہ برس ہونے والے ورلڈ کپ میں ٹرمپ کارڈ ثابت ہونے کے ساتھ پاکستان کو دوبارہ عالمی کپ بھی جتوا سکتے ہیں۔راشد لطیف کا گزشتہ روز انٹرویومیں کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ زمبابوے کیخلاف حالیہ ایک روزہ سیریزمیں مقابلہ کوئی خاص نہیں تھا لیکن پھر بھی میزبان ٹیم کو اس کے ہوم گرانڈ پر وائٹ واش کرنا کوئی معمولی بات نہیں اور مجموعی اعتبار سے دیکھا جائے تو گرین شرٹس نے ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز اور ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔راشد لطیف کا کہنا تھا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ نوجوان کرکٹرز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی بہت زیادہ بھوک نظرآئی اور جس کو بھی موقع ملا اس نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھا کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ فخر زمان کی پرفارمنس میں نکھار آتا جا رہا ہے جب کہ امام الحق بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں تاہم انہوں نے یہ کہنے سے بھی گریز نہیں کیا کہ سینئر آل راؤنڈر اور سابق ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ کی ون ڈے پلیئنگ الیون میں جگہ بنتی ہے اور انہیں دورہ زمبابوے میں موقع دینا چاہیے تھا کیونکہ اب وہ بولنگ بھی کر سکتے ہیں۔راشد لطیف کا کہنا تھا کہ محمد عامر کو ٹرائی سیریز کے بعد زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی کھلانا چاہیے تھا لیکن یہ ایک مثبت تبدیلی ہے کہ تیزی سے قائدانہ گر سیکھنے والے سرفراز احمد کی بطور کپتان صلاحیتوں میں ہر گزرتے دن اضافہ ہو رہا ہے۔یاد رہے کہ فخر زمان نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کے دورا ن لیجنڈری ویسٹ انڈین بلے باز سر ویوین رچرڈز کا کم ترین اننگز میں ایک ہزار ون ڈے رنز مکمل کرنے کا 38سالہ ریکارڈ توڑا تھا جب کہ وہ پاکستان کے لیے ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے بلے باز بھی بن گئے تھے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ