لاؤس:زیر تعمیر ڈیم ٹوٹ گیا،کئی دیہات تباہ،سیکڑوں ہلاکتوں کا خدشہ

119
وینتیان: لاؤس میں زیر تعمیر ڈیم کا بند منہدم ہونے کے باعث کئی دیہات زیر آب آ گئے‘ حکام نے سیکڑوں افراد کے لاپتا ہونے اور بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے
وینتیان: لاؤس میں زیر تعمیر ڈیم کا بند منہدم ہونے کے باعث کئی دیہات زیر آب آ گئے‘ حکام نے سیکڑوں افراد کے لاپتا ہونے اور بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے

وینتیان (انٹرنیشنل ڈیسک) لاؤس کے جنوب مشرقی علاقے میں زیر تعمیر ڈیم ٹوٹنے سے کئی دیہات تباہ ہوگئے جبکہ سیکڑوں افراد لاپتا ہیں، حکام کے مطابق بڑی تعداد میں شہریوں کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔ لاؤ نیوز ایجنسی کے مطابق اتاپیو صوبے میں پیر کو رات گئے ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم کا بند منہدم ہونے سے سیلابی ریلے سے 6 دیہات میں تباہی پھیلی۔ خبر رساں ادارے کے مطابق 6 ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ انٹرنیٹ اور سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر جاری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ اپنے مکانات کی چھتوں پر موجود ہیں اور کشتیاں لوگوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کر رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سانحے میں بڑی تعداد میں لوگوں کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے‘ ابھی تک ڈیم کے ٹوٹنے کی وجہ واضح نہیں ہے۔ حکام کے مطابق اس حوالے سے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ اس ڈیم کی تعمیر 2013ء میں شروع ہوئی تھی اور رواں سال اس سے بجلی کی پیداوار کا آغاز ہونا تھا۔ اس پراجیکٹ میں شامل جنوبی کوریا کی کمپنی ایس کے انجینئرنگ اینڈ کنسٹرکشن نے کہا ہے کہ وہ لوگوں کے انخلا میں مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔ لاؤس کے وزیر اعظم نے سرکاری مصروفیات ملتوی کر دی ہیں اور متاثرہ علاقے میں پہنچ گئے ہیں۔مقامی حکام نے سرکاری اور دیگر تنظیموں سے کپڑے، خوراک، پینے کے پانی اور ادویات کی اپیل کی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ