حافظ سعیدنے لیاقت بلوچ کی حمایت کا اعلان کردیا

120
لاہور: این اے130سے مجلس عمل کے امیدوار لیاقت بلوچ ریلی کے دوران عوام سے یکجہتی کررہے ہیں
لاہور: این اے130سے مجلس عمل کے امیدوار لیاقت بلوچ ریلی کے دوران عوام سے یکجہتی کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت)پروفیسر حافظ محمد سعید نے این اے 130 میں تاریخی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کی بھر پور حمایت کا اعلان اور قومی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہاہے کہ غلبہ دین اور سیاسی محاذ پر تدبر کے لیے لیاقت بلوچ کی جیت قومی ضرورت ہے ۔علاوہ ازیں متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ،لاہور این اے 130 سے امیدوار قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے اپنے حلقہ انتخاب کے مختلف علاقوں فیصل کالونی ، گاندھی پارک ، چغتائی پارک ، خان کالونی چوک ، علامہ اقبال ٹاؤن ، مکہ کالونی ، قربان لائز ، جناح پارک ، گلبرگ میں کارنر میٹنگز ، انتخابی جلسے سے خطاب اور ڈور ٹو ڈور ملاقاتوں میں ووٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 25 جولائی اہل حق کی کامیابی کا دن ہوگا ۔ متحدہ مجلس عمل اسلامی اور خوشحال پاکستان کے لیے مضبوط طاقت بن کر ابھرے گی ۔ پاکستان اور جمہوریت دشمن بیرونی قوتوں نے دہشت گردی کے ذریعے انتخابات اور جمہوری عمل روکنے کی سازش کی ۔ شہادتیں اور سیاسی کارکنا ں کا زخمی ہونا بڑا المیہ اور صدمہ ہے ۔ جمہوریت پسند عوام ہر قربانی دے کر آئین اور جمہوریت کی حفاظت کریں گے ۔ پورے ملک میں وسائل اور مال و دولت نہ ہونے کے باوجود کارکنان نے انتخابی مہم میں جان ڈال دی ہے ۔ کرپشن مافیا اور لوٹا کریسی کو وفاداری ، امانت داری اور اہلیت کی طاقت سے شکست دیں گے ۔ عالمی قوتوں کے آلہ کار قومی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہیں ۔لیاقت بلو چ نے کہاکہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس شوکت صدیقی کی تقریر اور ملک بھر میں ریاستی اداروں کے خلاف اٹھائی جانے والی تشویشناک آوازوں کے جائزے اور سماعت کے لیے عدالت عظمیٰ کا فل کورٹ بینچ بنائیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان قومی اور صوبائی حلقوں میں انتخابی اخراجات کی حد کنٹرول کرنے میں ناکام رہاہے ۔ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن ضابطوں کو توڑ رہے ہیں ۔ آئندہ بھی یہ کرپشن ، ناانصافی اور لاقانونیت ہی دیں گے ۔ انتخابی پروگرامات سے پیر خواجہ معین الدین کوریجہ ، حافظ زبیر احمد ظہیر ، رانا رحمت ، احمد سلمان بلوچ ، خالد بٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ