فخر کے تیز ترین تین ہزار رنز مکمل سیریز میں زیادہ رنز کا نیا عالمی ریکارڈ بھی بنا لیا

99

بلاوایو(جسارت نیوز)پاکستانی ٹیم کے جارح مزاج اوپننگ بیٹسمین فخر زمان نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں کئی عالمی ریکارڈز اپنے نام کر لیے، انہوں نے تیز ترین ہزار رنز مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی، انہوں نے 18 میچز کی 18 اننگز میں 3 سنچریوں اور 6 نصف سنچریوں کی مدد سے یہ سنگ میل عبور کیا، اس سے قبل اس ریکارڈ پر مشترکہ طور پر ویون رچرڈز، کیون پیٹرسن، جوناتھن ٹراؤٹ، کوئنٹن ڈی کوک اور بابراعظم کا قبضہ تھا، ان پانچوں کھلاڑیوں نے 21 اننگز کھیل کا ہزار رنز مکمل کرنے کا کارنامہ انجام دے رکھا تھا، اس کے علاوہ فخر زمان نے باہمی سیریز میں زیادہ رنز بنا کر نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا، فخر زمان نے زمبابوے کے خلاف پانچویں اور آخری ون ڈے میں 85 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر یہ سنگ میل عبور کیا، انہوں نے زمبابوے کے ہملٹن مسکڈزا کا باہمی سیریز میں زیادہ رنز بنانے کا 9 سالا پرانا ریکارڈ توڑا ہے، مسکڈزا نے 2009ء میں کینیا کے خلاف 5میچوں کی سیریز میں 467 رنز بنائے تھے جبکہ فخر زمان نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں 515 رنز بنا کر تاریخی کارنامہ انجام دیا، اس کے علاوہ فخر نے کسی بھی باہمی ون ڈے سیریز میں زیادہ رنز بنانے کا بھارتی بلے باز روہت شرما کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، شرما نے 2013ء میں آسٹریلیا کے خلاف 6 میچوں کی سیریز میں 491 رنز بنائے تھے، اسطرح فخر زمان کسی بھی باہمی سیریز میں زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں، ویرات کوہلی 558 رنز بنا کر سرفہرست ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ