جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز کےتحت یوم الحاق پاکستان کی تقریب

56

جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز (جے کے سی او) کے تحت جدہ کے مقامی ہوٹل میں شہید برہان وانی، شہدائے جموں اور یوم الحاق پاکستان کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کشمیر کے شہدا کی قربانیاں تحریک کشمیر کا ایندھن اور نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہیں، جن کی بدولت کشمیر کی تحریک چل رہی ہے۔ برہان وانی کی شہادت نے اس میں ایک نئی روح پھونکی ہے۔ شہدا جموں کی عظمت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
تقریب کی صدارت چیئرمین جے کے سی او سردار اشفاق نے کی جبکہ نظامت کے فرائض سیکرٹری جنرل سردار وقاص عنایت اللہ نے انجام دیے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت ظلم کا بازار گرم ہے۔ نوجوان کشمیریوں کو آئے روز شہید کیا جا رہا ہے۔ ہر روز برہان وانی اور شہدا جموں کی تاریخ دہرائی جا رہی ہے لیکن ان حریت کے ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں جو آزادی کے لیے جانیں تو قربان کر رہے ہیں لیکن جذبہ آزادی کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ بھارت کے ظلم کو ان شاء اللہ شکست ہو گی۔ اسے ایک دن کشمیریوں کی تحریک کے آگے گھٹنے ٹیکنے ہوں گے اور کشمیر اس کے چنگل سے آزاد ہوگا۔ شہدا جموں نے جہاں اس تحریک کی بنیادی اینٹوں میں سے ایک اینٹ رکھی، اس کے بعد نوجوان برہان وانی اور اس کے دیگر ساتھیوں نے شہدا جموں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جب تحریک کو ضرورت تھی اس وقت قربانی دے کر بھارت کے لیے کشمیر کی زمین تنگ کردی۔ کشمیریوں کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ہم اقوام عالم سے اور عالمی طاقتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم کو بند کروایا جائے اور کشمیریوں کے ساتھ اقوام متحدہ نے رائے شماری کا جو حق دینے کا وعدہ کیا ہوا ہے اسے پورا کیا جائے۔
تقریب سے سردار عبداللطیف عباسی، سردار ایم اشفاق، سردار اقبال یوسف، سردار وقاص عنایت اللہ،راجا زرین خان، چودھری خورشید متیال، قاری ارشاد الحق نے خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر شہدا کے درجات کی بلندی اور سابق بانی چیئرمین غلام نبی بٹ کی صحتیابی کے لیے دعا کی گئی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ