ن لیگ اور پی ٹی آئی دہشت گرد تنظیموں کے اتحادی ہیں،بلاول زرداری

90
کراچی:بلاول زرداری کی کراچی آمد کے موقع پر ائر پورٹ پر پولیس اہلکارالرٹ کھڑے ہیں 
کراچی:بلاول زرداری کی کراچی آمد کے موقع پر ائر پورٹ پر پولیس اہلکارالرٹ کھڑے ہیں 

لاہور، قصور، کراچی (صباح نیوز+ اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف نے ان کے خلاف کالعدم تنظیموں سے اتحاد کیا، ہمیں سوچنا چاہیے کہ اس طرح سے دنیا کو کیا پیغام دے رہے ہیں۔ ہم نے مشکل وقت میں بھی جمہوری سوچ کو پروان چڑھایا،عوام ترقی پسند اور روشن خیال پاکستان بنانے میں میرا ساتھ دیں،بی بی کا وعدہ نبھانا مقصد ہے، الیکشن جیتیں یا ہاریں پیپلز پارٹی ہمیشہ وفاق کی سیاست کرتی رہے گی۔ لاہور میں پریس کانفرنس ، قصور میں اجتماع اورکراچی واپسی پر لیاری میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہماری جمہوریت میں ایشوز کی سیاست اور مثبت سیاست کی جگہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بی بی کا وعدہ نبھانا ان کا مشن ہے اور وہ اس مشن کو جاری رکھیں گے۔ لیاری میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ لیاری کے عوام 25 جولائی کو اپنی تاریخ دوہرائیں گے اور تیر پر مہر لگائیں گے، میں کراچی سمیت ملک بھر سے نفرت کی سیاست ختم کرنا چاہتا ہوں، جن قوتوں نے بی بی کو شہید کرکے یہ سمجھ لیا کہ پیپلز پارٹی ختم ہوچکی ہے ان قوتوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ پیپلز پارٹی آج بھی موجود ہے۔ میں اپنا پہلا الیکشن وہاں سے لڑنے جارہا ہوں جہاں میں پیدا ہوا۔ بلاول کا کہنا تھا کہ عوام ایم کیو ایم اور یوٹرن خان کو ووٹ نہیں دیں گے،ا کراچی کے شہری بھی پیپلز پارٹی کو کامیاب بنائیں گے،اگر آج بھٹو زندہ ہے تو اس میں لیاری والوں کا خون شامل ہے،شہید بھٹو نے انقلابی قدم اٹھائے تھے، آپ نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا تو ہم مسائل حل کریں گے۔بلاول ہاؤس چورنگی پر استقبالی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابات میں ملک گیر کامیابی حاصل کرے گی،پنجاب اور کے پی کے کے عوام نے پیپلز پارٹی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرا مقابلہ پنجاب کو یرغمال بنانیوالی جماعتوں سے ہے،عوام ترقی پسند اور روشن خیال پاکستان بنانے میں میرا ساتھ دیں،گالم گلوچ کی سیاست کرتا ہوں نہ ہی کرونگا، میرا مقصد عوام کی خدمت ہے، حصول اقتدار نہیں، پیپلز پارٹی میں کوئی یوٹرن نہیں ۔قصور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھاکہ ہم ہوا میں باتیں نہیں کرتے ، ہر دور میں عوام کی خدمت کی ہے۔ذوالفقار علی بھٹو کا نظریہ اور بینظیر بھٹو کا مشن لیکر آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ترقی پسند اور روشن خیال پاکستان بنانے میں میرا ساتھ دیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ