چوتھا ون ڈے ، پاکستان کے ہاتھوں زمبابوے کو عبرتناک شکست

82
بلاوایو: پاکستانی اوپنر بلے باز فخر زمان زمبابوے کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں رن کے لیے دوڑ لگارہے ہیں ‘امام الحق شاٹ کھیلتے ہوئے ‘جارحانہ مزاج بلے باز فخر زمان ڈبل سنچری بنانے کے بعد پرجوش انداز میں نظرآرہے ہیں
بلاوایو: پاکستانی اوپنر بلے باز فخر زمان زمبابوے کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں رن کے لیے دوڑ لگارہے ہیں ‘امام الحق شاٹ کھیلتے ہوئے ‘جارحانہ مزاج بلے باز فخر زمان ڈبل سنچری بنانے کے بعد پرجوش انداز میں نظرآرہے ہیں
بلاوایو: قومی کپتان سرفراز احمد اور زمبابوین قائد ون ڈے ٹرافی کی رونمائی کرتے ہوئے
بلاوایو: قومی کپتان سرفراز احمد اور زمبابوین قائد ون ڈے ٹرافی کی رونمائی کرتے ہوئے

بولاوائیو(جسارت نیوز) پاکستان نے زمبابوے کو چوتھے ایک روزہ میچ میں 244 رنز سے شکست دیدی جو رنز کے اعتبار سے پاکستان کی دوسری بڑی کامیابی ہے۔کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس نے مقررہ 50 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 399 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے دیے گئے 400 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 155 پر ڈھیر ہو گئی۔یہ رنز کے اعتبار سے پاکستان کی دوسری بڑی کامیابی ہے، پاکستان نے اس سے قبل 2015 میں آئر لینڈ کے خلاف 255 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔زمبابوے کی جانب سے تری پانو 44 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ چگمبرا نے 37 اور کپتان مزاگاڈسا نے 22 رنز کی اننگز کھیلیں۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 28 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔عثمان شنواری اور فہیم اشرف نے 2، 2 وکٹیں لیں جب کہ شعیب ملک اور جنید خان نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔قبل ازیں پاکستان کی جانب سے اوپننگ بلے بازوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت قومی ٹیم نے پہلی وکٹ پر شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ بنایا۔فخر زمان اور امام الحق کے درمیان 304 رنز کی شراکت قائم ہوئی، امام الحق 122 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 133 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔فخر زمان 155 گیندوں پر 210 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے اپنی اننگز میں 5 چھکے اور 24 چوکے لگائے اورہ وہ ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے، انہوں نے سعید انور کا 194 رنز کا ریکارڈ توڑا۔دوسری وکٹ پرآنے والے بلے باز محمدآصف نے بھی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور مقررہ اوورز کے اختتام تک انہوں نے اپنے 50 رنز مکمل کیے۔اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا پْراعتماد آغاز کیا۔دونوں بلے بازوں نے میزبان ٹیم کی بولنگ لائن کے خلاف شاندار بیٹنگ کی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے۔فخر زمان نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی جب کہ امام الحق نے بھی 6 چوکوں کی مدد سے 112 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور 113 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔زمبابوے کے خلاف گرین شرٹس کو پہلے ہی سیریز میں 3 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔چوتھے ایک روزہ میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، کپتان سرفراز احمد کو فخرزمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، جنید خان، عثمان خان شنواری اور یاسر شاہ کی خدمات حاصل ہیں۔میچ سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی جائیں گی جو کھلاڑی اب تک نہیں کھیلے انہیں موقع دیا جائے گا۔دوسری طرف صدر پاکستان ممنون حسین اور نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی شاندار فتح پر ٹیم اورکوچز کو مبارکباد پیش کی گئی۔ بیان میں کہاگیا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے قوم کے دل جیت لیے ہیں۔اوپنر بلے باز فخر زمان اور امام الحق کے حوالے سے صدر اور وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں بلے بازوں نے قابل فخر کارنامہ انجام دیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے قومی کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اوپنر بیٹسمین فخر زمان پاکستان کا فخر ہے۔ جنہوں نے بھارت کے خلاف بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہرت حاصل کی تھی اور زمبابوے کیخلاف میچ میں انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں میں سے نہ صرف سب سے زیادہ اسکور کرنے کا ریکارڈ قائم کیا بلکہ ڈبل سینچری کے سنگ میل کو عبور بھی کیا ۔ انہوں نے کہا کہ فخر زمان اور امام الحق کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آج پاکستان نے سب سے زیادہ پہلی وکٹ کی شراکت میں اسکور کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا اور جو کہ قابل تعریف ہے اور پاکستان ٹیم کا سب سے زیادہ ایک روزہ اسکور بھی بنایا۔انہوں نے امام الحق کی کارکردگی کو بھی سراہا اور انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ۔پاک فوج کی جانب سے کرکٹر فخر زمان کو ڈبل سنچری بنانے پر مبارکباد دی گئی اور پاکستان کیلئے اعزاز حاصل کرنے پر شکریہ ادا کیا گیا۔ جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ویل ڈن فخز زمان ، یہ پہلے پاکستانی کرکٹر ہیں جس نے ون ڈے میچز میں ڈبل سنچری اسکور کی ہے۔ پاکستان کیلئے یہ اعزاز حاصل کرنے پر آپکا شکریہ ۔ واضح رہے کہ فخر زمان نے زمبابوے کے ساتھ کھیلتے ہوئے ڈب سنچری اسکور کی تھی ۔ جب کہ سیاسی رہنماؤں کی جانب سے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ