ملک کے بیشتر حصوں میں طوفانی بارشیں ،4افراد جاں بحق ،بدھ کو الیکشن ڈوبنے کا خدشہ 

160
لنڈی کوتل : سیلاب میں بہنے والے ٹرالرکے گرد لوگ جمع ہیں‘ چھوٹی تصویر میں پشاور میں چھت کا ملبہ پڑا ہواہے جبکہ لاہور میں سڑک پر پانی کے باعث گاڑیوں کو گزرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے 
لنڈی کوتل : سیلاب میں بہنے والے ٹرالرکے گرد لوگ جمع ہیں‘ چھوٹی تصویر میں پشاور میں چھت کا ملبہ پڑا ہواہے جبکہ لاہور میں سڑک پر پانی کے باعث گاڑیوں کو گزرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے 

اسلام آباد( خبرایجنسیاں ) ملک کے بیشتر حصوں میں طوفانی بارش کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔ محکمہ موسمیات نے الیکشن والے دن کراچی اور حیدر آباد سمیت ملک بھر میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔تفصیلات کے مطابق خیبر خیبر ایجنسی میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی ۔آبی ریلے سے طورخم کاتاریخی پل بھی گر گیا ۔3 ٹرالرز اور ایک سوزکی بھی آبی ریلے میں بہہ گئے جس کے نتیجے میں ٹرالر میں سوار کلینر جا ں بحق ہوگیا۔طورخم بارڈر میں سڑکوں کو بھی شدیدنقصان پہنچ گیا جگہ جگہ سیفٹی وال بھی گر گئے ہیں۔پا نی دکانوں اور دفاتر میں بھی داخل ہوگیا اسی طرح لنڈی کوتل ایک گھر بھی منہدم ہوگیا۔ بارش سے تباہی کے نتیجے میں پاک افغان شاہراہ پر ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی جبکہ مال بردار گاڑیاں بھی پھنس گئیں ۔اس کے علاوہ طوفانی بارش کے باعث درجنوں مویشیوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ جمرود میں بھی کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ادھر پشاور کے نواحی علاقے دیر کالونی میں طوفانی بارش کے باعث خستہ ہال مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں باپ، بیٹی جاں بحق جبکہ بیٹا زخمی ہوگیا۔ جڑانوالہ میں تیز رفتار آندھی و بارش کے باعث حادثات میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے ۔علاوہ ازیں سندھ میں پانی کی سطح بلند ہوتے ہی طغیانی کے باعث 2پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ پرائمری اسکول ٹپہ والا اور بنیادی ہیلتھ سینٹر خان والا بھی دریا برد ہو گئے ہیں،جس سے وہاں 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل نا ممکن ہو چکا ہے ، ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تاحال ان دونوں پولنگ اسٹیشنوں کے متبادل کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ادھر ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح73ہزار کیوسک سے تجاوز کرگئی۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 10روز بالخصوص الیکشن والے دن کراچی اور حیدر آباد سمیت ملک بھر میں شدید بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور،اسلام آباد،،،پشاور،، ایبٹ آباد، ساہیوال سرگودھا، میانوالی، گجرانولہ اور اٹک سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں عام انتخابات کے روز بارش ہوگی ۔یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ بارشیں شدید ہو سکتی ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ