تاجر برادری کے پاسپورٹ سے متعلقہ مسائل جلد حل کئے جائیں گے۔ عامر علی احمد

116

تاجروں کوپاسپورٹ کا بروقت اجراء برآمدات کو بہتر کرنے میں معاون ہو گا۔ شیخ عامر وحید

اسلام آباد :اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید کی قیادت میں ڈائریکٹریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ کیا اور عامر علی احمد کو محکمہ کا ڈائریکٹر جنرل تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ وفد میں چیمبر کے نائب صدر نثار مرزا، خالد چوہدری، شیراز احمد صدیقی اور سیف الرحمٰن شامل تھے۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے ڈائریکٹر جنرل عامر علی احمد نے کہا کہ تاجر برادری کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر معیشت کی ترقی اور برآمدات کو بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے وفد کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ تاجروں وصنعتکاروں کے پاسپورٹ سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور ان کیلئے پاسپورٹ کے اجراء کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کوشش کریں گے تاکہ کاروباری برادری بیرونی ممالک کا دورہ کر کے پاکستان کی تجارت و برآمدات کو مزیدبہتر کرنے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرے۔
انہوں نے وفد کے ساتھ محکمہ کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کے بارے میں اپنے منصوبے شیئر کئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بحیثیت ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد اور ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے اپنے فرائض انجام دے چکے ہیں جس وجہ سے وہ تاجر برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے محکمہ سے متعلقہ اہم ایشوز کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے مبارک باد دینے پر چیمبر کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان کی توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے عامر علی احمد کو ڈی جی پاسپورٹس تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ محکمہ کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس مین کاروباری مواقعوں کی تلاش میں اکثر بیرونی دوروں پر جاتے رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کا بروقت اجراء تاجر برادری کو بیرونی دنیا کے ساتھ پاکستان کی تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عامر علی احمد کی قیادت میں محکمہ تاجر برادری کو پاسپورٹ کا بروقت اجراء یقینی بنائے گا۔
اس موقع پر دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پاکستان کے کاروباری و اقتصادی مفادات کو مزید بہتر فروغ دینے کیلئے مل کر کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ
mm
قاضی جاوید سینئر کامرس ریپورٹر اور کامرس تجزیہ، تفتیشی، اور تجارتی و صنعتی،معاشی تبصرہ نگار کی حیثیت سے کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ۔جسارت کے علاوہ نوائے وقت میں ایوان وقت ،اور ایوان کامرس بھی کرتے رہے ہیں ۔ تکبیر،چینل5اور جرءات کراچی میں بھی کامرس رپورٹر اور ریڈیو پاکستان کراچی سے بھی تجارتی،صنعتی اور معاشی تجزیہ کر تے ہیں qazijavaid61@gmail.com