شفاف انتخابات کے لیے آزاد جمہوری نظام ضروری ہے‘سیف الدین

77
جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سیکرٹری و ایم ایم اے حلقہ این اے 245کے امیدوار سیف الدین علما کنونشن سے خطاب کررہے ہیں
جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سیکرٹری و ایم ایم اے حلقہ این اے 245کے امیدوار سیف الدین علما کنونشن سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سیکرٹری و متحدہ مجلس عمل حلقہ این اے 245کے نامزد امیدوار سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ عالمی اسٹیبلشمنٹ نے کرپٹ سیاستدان ملک پر مسلط کیے ہیں، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے لیے آزاد جمہوری نظام ضروری ہے ، ایم ایم اے کا مقابلہ امریکا ، روس اور ان کے غلاموں کے ساتھ ہے جو لسانیت، فرقہ واریت اور بیہودگی و فحاشی کا سیلاب لا کر پاکستان پر قابض ہونا چاہتے ہیں،یہ ملک اسلام کے لیے وجود میں آیا تھااور ہر طبقے اور فرقے کے لوگوں نے قربانیاں دی تھیں اورقائد اعظم نے قرآن کو اس ملک کا آئین قرار دیا تھا ۔30 سال سے نوسر باز،اداکار اور لٹیرے کراچی کے مینڈیٹ پرقبضہ کرتے رہے،اب اس بھتا خوری کا مقابلہ کتاب کو ووٹ دے کر کرنا ہے ۔ ان شاء اللہ 25 جولائی حقیقی معنوں میں ظلم و جبر کے نظام سے نجات کا دن ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایسی ایچ ایس میں علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کنونشن میں100 سے زائد علما کرام اور ائمہ مساجد نے شرکت کی اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔علاوہ ازیں سیف الدین ایڈووکیٹ نے پرانی سبزی منڈی ،فاطمہ جناح کالونی، لائنز ایریا،دھوبی پاڑہ،باجوڑی پاڑہ،محفل مرتضی سوسائٹی کے دورے کے موقع پر کارنر میٹنگوں سے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر پی ایس 105سے مجلس عمل کے امیدوار سرور علی اور پی ایس 106سے نامزد امیدوار اسلم غوری بھی موجود تھے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ