اسلام آباد کے مسائل کے حل کی کنجی مجلس عمل کے پاس ہے‘میاں اسلم

42
اسلام آباد: این اے 53، 54 سے مجلس عمل کے امیدوار میاں محمد اسلم و دیگر کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے ہیں
اسلام آباد: این اے 53، 54 سے مجلس عمل کے امیدوار میاں محمد اسلم و دیگر کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) متحدہ مجلس عمل کے اُمیدوار این اے 53،54میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے مسائل کے حل کی کنجی متحدہ مجلس عمل کے پاس ہے ،25جولائی کو ایم ایم اے ملک میں ایک بڑی عوامی قوت کے طور پراُبھر کر سامنے آئے گی، ملکی اقتدار پر مسلط کرپٹ ٹولہ نہیں چاہتا
کہ دینی جماعتیں برسراقتدار آکر ان کی لوٹ کھسوٹ کا خاتمہ کریں،یہ لوگ محض اپنی کرپشن کی دولت کو بچانے اور آئندہ لوٹ مار کا موقع حاصل کرنے کے لیے الیکشن لڑتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی ایٹ میں کار نر میٹنگ سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل محمد کاشف چودھری ،نور اللہ خٹک ، اسد شاہ اور ڈاکٹر تہذیب الحسن نے بھی خطاب کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہادینی جماعتوں کے اتحاد ایم ایم اے کی فعالیت سے سیکولر اور لبرل لابی خوفزدہ ہے اور اپنے اسلام دشمن ایجنڈے کی راہ میں ایم ایم اے کو ایک بڑی رکاوٹ سمجھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دینی جماعتوں کی قیادت اور کارکنوں کے دامن پر کرپشن،بدیانتی اور بینکوں سے قرضے لے کر ہڑپ کرنے کا کوئی الزام نہیں اور نہ کسی کا نام پاناما ،دبئی اور لندن لیکس میں ہے ، آج اگرملکی معیشت ،صنعت ، تجارت، زراعت تباہ اور ملکی سا لمیت و قومی وحدت کو خطرات لاحق ہیں تو اس کے ذمے داروہی لوگ ہیں جو چہرے بدل کراقتدار کے ایوانوں میں پہنچ جاتے ہیں ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ