سندھ کے عوام 25 جولائی کو وڈیروں اور جاگیرداروں کو مسترد کردیں،سراج الحق

169
جیکب آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق انتخابی جلسے سے خطاب کررہے ہیں
جیکب آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق انتخابی جلسے سے خطاب کررہے ہیں

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی ومتحدہ مجلس عمل کے نائب صدر سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عوام25جولائی کو اپنے گھر سے نکلیں اور جاگیرداروں کے اقتدار کا خاتمہ کریں، ایم ایم اے انقلابی کارواں اور مورچہ ہے جوملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لیے بناہے۔ سندھ کے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ اور آنکھوں میں محبت اس بات کی نشانی ہے کہ سندھ میں انقلاب آنے والاہے ،جس میں مخلوق خدا عام شہری ،غریب کسان اورمزدور
خوشحال ہوگا ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے شہید اللہ بخش پارک میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ پی پی ،پی ٹی آئی اور ن لیگ کے پاس کوئی سیاسی پروگرام نہیں ایک ہی طبقہ ملک پر عرصہ درازسے قابض ہے ہم آپ کو انقلاب کی طرف بلاتے ہیں ہمیں موقع دیں ان شاء اللہ اقتدارمیں آکر وسائل کی منصفانہ تقسیم ،تعلیم، صحت مفت ، مزدور کو کارخانے کے منافع میں حصہ ، کسان کو کھیت کی پیداوارمیں حصہ دیں گے ،بیروزگارکو روزگار الاؤنس دیاجائے گا ضعیف کو بھی الاؤنس دیں گے ،بے گھروں کو شیلٹر دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ بلاول نے مخلوط حکومت بننے کا کہاہے جس کے وزیر اعظم ان کو اپنے ابو آصف زرداری نظر آرہے ہیں جبکہ آصف زرداری نے بلاول کو اگلا وزیر اعظم بتایاہے، کیا ان کے علاوہ پی پی میں کسی اورکی عزت نہیں؟ ایسا کوئی نہیں جسے یہ منصب دیاجائے۔انہوں نے کہاکہ ٹی وی چینل پر کروڑوں روپے کے اشتہار میں جو چہرے دکھائے جارہے ہیں وہ 25جولائی کے بعد نظر نہیں آئیں گے، سندھ میں قلندراور دولت مندوں کا مقابلہ ہے، ان شاء اللہ قلندر جیتے گا ۔انہوں نے جیکب آبادکی قومی نشست پر نامزد امیدوار ڈاکٹر اے جی انصاری ،صوبائی امیدوار دیدارلاشاری کے ہاتھ بلندکرتے ہوئے کہاکہ ان کو ووٹ دیں یہ نیک اورآپ میں سے ہیں ان کو ووٹ دینا انقلاب ہے ثواب ہے، ظالم کرپٹ ،لینڈ اور ڈرگ مافیاکا احتساب ہے۔ امیرجماعت اسلامی نے کہاکہ ظالم کے گھرکا طواف کرنے کے بجائے آج آپ اس کارواں میں شامل ہوئے ہیں مبارکباد دیتاہوں ، 70سال سے ایک ہی طبقہ ملک پر مسلط ہے پی پی ہمیشہ سندھ پر مسلط رہی سندھ کے لوگوں نے پی پی کو ووٹ دیااورجاگیرداروں کو کندھوں پربٹھاکر ایوانوں تک پہنچایا، اس محبت کے نتیجے میں سندھ کے لوگوں کو غربت ملی، بیروزگاری ملی ،زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی پر تبدیلی ان کے بینک اکاؤنٹس میں آئی جو آپ کے ووٹ لے کر ایوانوں میں گئے ،ان کی شوگر ملز میں اضافہ ہوا ان کی 7 پشتوں کے لیے دولت جمع ہوئی عوام کے ہاتھ کیالگا؟ عوام کے تن پر آج بھی پرانے کپڑے ہیں ان کے کتے مکھن کھاتے ہیں اورغریب کابیٹا کوڑے سے رزق ڈھونڈتاہے ،سفارش کے بغیر نوکری نہیں ملتی ،کوئی کام نہیں ہوتا، اللہ تعالیٰ نے فرمایاہے کہ انسان کو میں نے بندگی کے لیے پیداکیا تووہ انسان جاگیرداروں کی غلامی کیوں کرتاہے قوم کو غلامی ،کرپشن،مہنگائی ،بیروزگاری اور مایوسی کے دلدل سے نکالنے کے لیے ایم ایم اے جدوجہدکررہی ہے ۔ جلسے سے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہاکہ اس بار پورے سندھ میں پی پی دفن ہوگی۔ کتاب کے نشان پر مہر لگاکر ظلم اور ظالم سے نجات حاصل کریں ووٹ کو عزت دوکا نعرہ لگانے والے ناموس رسالت، اسلامی شریعت ، ناموس صحابہ، ٹوپی، داڑھی اورغریب مظلوم کوعزت دیں۔ جلسے سے ممتازحسین سہتو ،ڈاکٹر اے جی انصاری، عبدالحفیظ بجارانی،دیدارلاشاری ،حافظ میر محمد بنگلانی ،محمد حنیف کھوسو ،صادق ملغانی ،حماد اللہ انصاری اوردیگرنے بھی خطاب کیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ