آئین سے منحرف مجرم ہمیشہ اقتدار پر قابض رہے ہیں‘لیاقت بلوچ

68
لاہور: متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اپنے حلقے انتخاب میں جلسے سے خطاب کررہے ہیں
لاہور: متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اپنے حلقے انتخاب میں جلسے سے خطاب کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت)متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل این اے 130 کے امیدوار لیاقت بلوچ نے اپنے حلقہ میں انتخابی مہم میں علامہ اقبال ٹاؤن میں خواتین کنونشن ، مکہ کالونی گلبرگ میں کارنر میٹنگز اور شاہد اسلم ملک کی جانب سے معززین و موثر شخصیات کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی خوشحالی ، استحکام اور سلامتی کا ضامن نظام مصطفےٰ ہے۔ قرار داد مقاصد اور آئین پاکستان سے انحراف کے مجرم اقتدار پر قابض طبقے ہیں
کرپشن ، مہنگائی ، بے روزگاری ، قرضوں اور سود کی لعنت مسلط کی گئی جس کی وجہ سے قومی وقار ، آزادی اور خود مختاری کی بنیادیں کمزور کردی گئی ہیں۔ اسلامی جمہوری اور نظریاتی پاکستان کا وجود بحال کرنے کے لیے علما ، مشائخ محب دین اور محب وطن ووٹرز کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہے۔ انتخابات 2018 ء4 نظریاتی کشمکش ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیکولر ، لادین ، مادر پدر آزاد اور کرپٹ سیاسی نظام سے نجات دلائی جائے گی۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ خواتین آبادی کا نصف اور معاشرے کے ماتھے کا فخر ہیں۔ قومی ، گھریلو اور سماجی محاذ پر خاتون کا ہمیشہ کلیدی کردار ہوتاہے۔ متحدہ مجلس عمل خواتین کے باعزت مقام ، باعزت روزگار اور تمام اسلامی اور انسانی حقوق کا تحفظ کرے گی۔اشیائے ضرورت کو سستا کرنا ، حلال روزی کے ذرائع کو فروغ دینا والدین کے سکون کے لیے نوجوانوں کو روزگار دینا ہمارا ہد ف اور لائحہ عمل ہے۔ ہر شہری کے لیے تعلیم ، علاج اور جا ن مال عزت کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ اس موقع پر معززین ، سماجی رہنماؤں ، خواتین اور نوجوانوں نے اپنی بھر پور حمایت کا اعلان کیا اور کہاکہ این اے 130 میں قومی اسمبلی کی نمائندگی کے لیے لیاقت بلوچ بہترین اور بااعتماد چوائس ہیں۔ پروگراموں میں شاہد اسلم ملک ، احمد سلمان بلوچ ، علامہ زبیر احمد ظہیر ، مولانا نصیر احرار ، احسان چوہدری ، شاہد اسرار ، عامر نثار ، فیض الباری ، انیق مجاہد اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا

Print Friendly, PDF & Email
حصہ