الخدمت کے زیر کفالت بچوں کے لیے سالانہ فن گالا انعقاد

136
الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے زیر کفالت یتیم بچوں کا سالانہ تفریحی پروگرام کے اختتام پر لیا گیا گروپ فوٹو
الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے زیر کفالت یتیم بچوں کا سالانہ تفریحی پروگرام کے اختتام پر لیا گیا گروپ فوٹو

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر کفالت 400 یتیم بچے ڈریم ورلڈ ریزورٹ میں موجود کھیل و تفریح کی سہولیات گھڑ سواری، تیر اندازی ،شوٹنگ،جھولوں،تیراکی سے بھر پور لطف اندوز ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے شعبہ آرفن کیئر پروگرام کے زیر کفالت ضلع حیدر آباد، نوابشاہ، میر پور خاص، ٹنڈو الہٰیار اور بدین سے تعلق رکھنے والے 400یتیم بچے کراچی کے معرو ف فارم ہاؤس ڈریم ورلڈ میں موجود جدیدجھولوں، گھڑ سواری، تیر اندازی ،شوٹنگ،تیراکی اور دوسرے روایتی کھیلوں سے بھر پور لطف اندوز ہوئے۔ دوپہر کے کھانے میں بچوں کے لیے بوفے کا خاص اہتمام کیاگیاتھا۔ اس موقع پر شہر کی معزز شخصیات دن بھر بچوں کے ساتھ موجود رہیں، پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا نے کھیل کود میں مصروف بچوں کے انٹرویو اور شارٹ لیے۔ الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے نائب صدر سید محمد یونس،سیکرٹری جنرل الخدمت محمد شاہد اورڈپٹی ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام ابو ریحان و دیگر ذمے داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔تقریب کے اختتام پر بچوں میں تحائف تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر سید محمد یونس نے شہر کی معزز شخصیات اور میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا سندھ میں 1700بچوں کی ان کے گھروں پر کفالت کی جارہی ہے،یتیم بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے سال بھر مقامی سطح پر اس قسم سرگرمیاں جاری رہتی ہیں، بچوں تعلیم ، صحت اور دیگر سرگرمیوں کی رپورٹ ڈونر حضرات کو باقاعدگی سے جاری کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے مختلف شہروں میں10 الخدمت آغوش ہوم قائم ہیں جہاں 965بچوں کی کفالت کی جارہی ہے۔ سندھ کے شہر کراچی اور ہالا ضلع مٹیاری میں آغوش کی تعمیر شروع ہو چکی ہے،جہاں 500بچوں کی رہائش ، خوراک، تعلیم اور تعمیر شخصیت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ