امیدواروں اور سیاسی ورکرز کی سیکورٹی یقینی بنائی جائے،نگران وزیراعظم 

136
کوئٹہ: نگران وزیراعظم ناصر الملک سراج رئیسانی کی شہادت پر اہل خانہ سے تعزیت کے بعد دعائے مغفرت کررہے ہیں
کوئٹہ: نگران وزیراعظم ناصر الملک سراج رئیسانی کی شہادت پر اہل خانہ سے تعزیت کے بعد دعائے مغفرت کررہے ہیں

کوئٹہ(اے پی پی) وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ انتخابی امیدواروں اور سیاسی ریلیوں اور کارنر میٹنگز میں شرکت کرنے والے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام سیکورٹی اقدامات اور ہر ممکن حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے،وزیراعظم نے سلامتی سے متعلق انتظامات کے بارے میں سیاسی قیادت سے مشاورت اور کسی بھی ناخوشگوار
واقعے کو رونما ہونے سے بچنے کے لیے ان کا تعاون حاصل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اتوار کو وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت گورنر ہاؤس کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان علاالدین مری، وزیر داخلہ بلوچستان آغاز عمر بنگلزئی، سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، سیکرٹری داخلہ بلوچستان حیدر علی کھوکھر، آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل ندیم انجم، آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ میجر جنرل سردار طارق امان، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ اور دیگر سینئر سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا عمومی اور سانحہ مستونگ کے تناظر میں خصوصی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے مستونگ دھماکے اور عام انتخابات کے انتظامات کے بارے میں اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انتخابی امیدواروں اور سیاسی ریلیوں اور کارنر میٹنگز میں شرکت کرنے والے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام سیکورٹی اقدامات اور ہر ممکن حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے سلامتی سے متعلق انتظامات کے بارے میں سیاسی قیادت سے مشاورت اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو رونما ہونے سے بچانے کے لیے ان کا تعاون حاصل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے سانحہ مستونگ کے بعد زخمیوں کو بروقت امداد فراہم کرنے اور انہیں منتقل کرنے کے ضمن میں مسلح افواج اور سول انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی جس کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں بچ گئیں۔ قبل ازیں وزیراعظم نے ساراوان ہاؤس کوئٹہ کا دورہ کیا اور شہید سراج رئیسانی کے غمزدہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا بھی دورہ کیا اور اس سانحہ میں زخمی ہونے والے لوگوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ