متحدہ مجلس عمل کاپلیٹ فارم ملک میں تبدیلی کا باعث بنے گا‘قاری عثمان

74

کراچی(رپورٹ /محمد علی فاروق) متحدہ مجلس عمل کے صوبائی اسمبلی پی ایس 114 کے نامزد امیدوار جمعیت علمااسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہاہے کہ متحدہ مجلس عمل کاپلیٹ فارم ملک میں تبدیلی کا باعث بنے گا، اس بار پاکستان کو اسلامی اسٹیٹ بنانے کے لیے آئین میں غیر اسلامی دفعات کو نکالا جائے گااور ملک کی لوٹی ہوئی دولت کو ملک میں واپس لانے کے لیے پوری کوشش کی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔قاری عثمان کاکہنا تھا کہ وہ اپنے حلقے میں کامیاب ہوکر شیرشاہ کالونی میں سب سے پہلے پینے کے پانی کی سپلائی،لوڈشیڈنگ کاخاتمہ، سڑکوں اور گلیوں کی پختگی،نالوں کی ازسر نو تعمیر کو یقینی بنا کر ثابت کریں گے وہ اسی علاقے کے باسی ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقے کے غیور عوام اب دھوکا نہیں کھائیں گے۔باہر سے آئے ہوئے لوگوں کو مسترد کرکے اپنے علاقے سے کھڑے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار وں کو کامیاب بنائیں گے۔قاری محمد عثمان نے پولیس گردی کی سختی سے مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ پولیس رشوت خوری کے لیے شہریوں کوجھوٹے مقدمات میں ملوث کر کے تنگ کرنا چھوڑ دے اور شہریوں سے حسن سلوک سے پیش آئے۔انہوں نے کہا کہ منتخب ہوکر ترجیحی بنیاد پر پولیس کے نظام کی اصلاح کرنے کے لیے کوششیں کریں گے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ