ویسٹ انڈیز کی بنگلادیش کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں پوزیشن مستحکم

58
کنگسٹن : بنگلادیشی پلیئر شکیب الحسن ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاٹ کھیلتے ہوئے
کنگسٹن : بنگلادیشی پلیئر شکیب الحسن ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاٹ کھیلتے ہوئے

کنگسٹن (جسار ت نیوز) جیسن ہولڈر کی تباہ کن بولنگ کی بدولت کالی آندھی کی بنگلا دیش کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پوزیشن مستحکم ہو گئی، بنگلا دیشی ٹیم پہلی اننگز میں 149 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جیسن ہولڈر نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے بلے بازوں کو وکٹ پر جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا، 5 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے جن میں سے 4 کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، ہولڈر نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جواب میں کالی آندھی نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 19 رنز بنا کر مجموعی طور پر 224 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ ہفتہ کو کنگسٹن ٹیسٹ کے دوسرے روز میزبان ویسٹ انڈین ٹیم نے 295 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ہٹمائر 84 اور روسٹن چیس 16 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے تیسرے ہی اوور میں ابوجاوید نے ہٹمائر کو آؤٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، ہٹمائر نے 86 رنز بنائے، روسٹن چیس 20 رنز بنا کر ابوجاوید کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 354 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، شین ڈورچ 6، کیموپال اور میگل کمنز بغیر کوئی بنائے، شینن گبرائل 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان ہولڈر 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، مہدی حسن میراز نے 5، ابوجاوید نے 3 اور تیجل اسلام نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں بنگلا دیشی ٹیم پہلی اننگز میں 149 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، مہمان بنگال ٹائیگرز کا کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی کا مظاہر نہ کر سکا، تمیم اقبال 47، لٹن داس 12، مومن الحق، محموداللہ، نورالحسن اور ابوجاوید بغیر کوئی بنائے، کپتان شکیب الحسن 32، مشفق الرحیم 24، مہدی حسن میراز 3 اور تیجل اسلام 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جواب میں کالی آندھی نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 19 رنز بنا کر مجموعی طور پر 224 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، کریگ بریتھویٹ 8 رنز بنا کر چلتے بنے، ڈیوون اسمتھ 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، شکیب الحسن نے ایک وکٹ لی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ