ن لیگ کے گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے‘ لیاقت بلوچ

60
خیبر بلاک میں جلسے سے مجلس عمل کے امیدوار لیاقت بلوچ اور مولانا امجد خطاب کررہے ہیں
خیبر بلاک میں جلسے سے مجلس عمل کے امیدوار لیاقت بلوچ اور مولانا امجد خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور این اے 130 لاہور سے امیدوار لیاقت بلوچ نے اپنے حلقہ انتخاب جامع مسجد بلال کالونی ، مسجد مدینہ شجاع روڈ ، مسجد دارالسلام ،چودھری کالونی میں نمازیوں سے گفتگو، کلفٹن کالونی ، الحمد کالونی ، غوثیہ کالونی اور خیبر بلاک ، علامہ اقبال ٹاؤن میں کارنر میٹنگز اور خواتین اور یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے
کہاہے کہ ووٹرز اپنی اور جمہوریت کی عزت و سیاسی جمہوری نظام کو کرپٹ مافیا سے نجات دلانے کے لیے متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیں ۔ کتاب پر مہر لگائیں ، ووٹ کی طاقت کو اپنی طاقت بنائیں اور باعزت و باوقار بن جائیں ۔ مہنگائی ، بے روزگاری ، جان و مال اور عزت کا عدم تحفظ تمام معاشرتی اور اخلاقی قدریں تباہ کررہاہے ۔ زندگی سستی اور کفن دفن مہنگا ہو گیاہے ۔ایم ایم اے کا پیغام ہے کہ اچھے لوگ آئیں گے اور عوام کے مسائل حل ہوں گے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ اپنی قیادت کا استقبال اور احتجاج ہر پارٹی کا آئینی جمہوری حق ہے ۔کارکنان کی بلاجواز گرفتاریاں حکومتوں کو کبھی بھی راس نہیں آئیں ۔ آج جس صورتحال کا سامنا مسلم لیگ ن کو ہے ، وہ اپنا بویا ہی کاٹ رہے ہیں ۔ سیاسی جمہوری استحکام کے لیے آئین کی بالادستی ، جمہوریت اور پارلیمان کو عزت دی ہوتی تو لاقانونیت کا سامنا نہ کرنا پڑتا ۔ انہوں نے کہاکہ بے گناہ کارکنان کو فوری رہا کیا جائے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل قومی سیاست میں توازن ، وقار اور برداشت کا کلچر لانا چاہتی ہے ۔ ہر پارٹی اپنے منشور اور لائحہ عمل کی پابند ہے ۔محبان دین ان شاء اللہ 2018 ء کے انتخابات میں دینی طاقت کا علم بلند کریں گے اور سیکولر ، مفاد پرست و بے مقصد سیاست کو شکست ہوگی ۔ کارنر میٹنگز سے مولانا امجد خان ، احمد سلمان بلوچ ، عامر نثار خان ، مولانا غضنفر عزیز ، مولانا عبدالودود قاضی ، احسان چودھری اور امیدوار پی پی 160 شفیق گجرنے بھی خطاب کیا ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ