ایشین گیمز‘ قومی ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز آج سے ہوگا

36

xکراچی (جسارت نیوز) ایشین گیمز کی تیاریوں کیلئے قومی ہاکی ٹیم کے کیمپ کا باقاعدہ آغازآج سے کراچی میں ہوگا۔عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کی طرف سے منتخب 27کھلاڑی ملکی اور غیر ملکی کوچز کی نگرانی میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ ان کھلاڑیوں میں عمران بٹ، مظہر عباس، امجد علی، محمد عرفان سینئر، راشد محمود، محمد علیم بلال، عماد شکیل بٹ، مبشر علی، تصور عباس، محمد رضوان سینئر، محمد توثیق راشد، علی شان، محمد عمر بھٹہ، ابوبکر محمود، شفقت رسول، محمد ظفر یعقوب، محمد ارسلان قادر، ایاز احمد، ایم عرفان جونیئر، رانا سہیل ریاض، محمد رضوان جونیئر، محمد دلبر، محمد عتیق، محمد فیصل قادر، محمد عاطف مشتاق، جنید منظور اور اسد عزیز شامل ہیں۔ ایشین گیمز آئندہ ماہ 18اگست سے شروع ہوکر یکم ستمبر تک انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں کھیلے جائیں گے۔جنوبی کوریا میں 2014ہونے والے آخری گیمز کے دوران پاکستانی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی تاہم ٹائٹل مقابلہ میں گرین شرٹس کو روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ادھر ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ ایشیائی ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کے حصول کے لیے کھلاڑیوں کو بھر پور ٹریننگ کروائی جائے گی۔ عہدیداروں کے مطابق گو حال ہی میں ہالینڈ میں ہونے والی ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کے دوران گرین شرٹس اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے تاہم دنیا کی بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کی وجہ سے پلیئرز کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا جس کا فائدہ ایشین گیمز کے دوران ہوگا۔ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہم اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ ایشین گیمز میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کی صورت میں قومی ٹیم اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو جائے گی، کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی خامیوں پر قابو پاکر انھیں اس قابل بنایا جائے گا کہ گرین شرٹس ایشین گیمز کے دوران عوامی توقعات کے مطابق کھیل پیش کرسکیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.