حیدر آباد، الیکشن کمیشن کی جانب سے افسران و دیگر عملے کی تربیت

44

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جامعہ سندھ کے پاکستان اسٹڈی سینٹر اور ہینڈز کے تعاون سے جنرل الیکشن 2018ء میں مقرر ہونے والے پریزائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران و دیگر متعلقہ عملے کو ٹریننگ دی گئی۔ پاکستان اسٹڈی سینٹر میں منعقد ہونے والے ٹریننگ مرحلے میں پروفیسر ڈاکٹر شجاع احمد مہیسر، پروفیسر ڈاکٹر غلام اکبر مہیسر، پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد میمن، ڈاکٹر اکرم گلال، مس پروین آرائیں، خالد میمن، مختار علی کھوہارو، ذوالفقار سہتو، بہرام لاشاری اور حیدر جتوئی نے ٹریننگ دی۔ اس سلسلے میں ٹریننگ حاصل کرنے والے پریزائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی، جس میں جامعہ سندھ کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم چانڈیو نے بطور مہمان خصوصی کی حیثیت میں شریک ہوئے اور ٹریننگ حاصل کرنے والوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم چانڈیو نے کہا کہ الیکشن ڈیوٹی ایک قومی فریضہ ہے، جسے ایمانداری اور دیانتداری سے سرانجام دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران مکمل طور پر غیر جانبدار رہتے ہوئے انتخابی عمل کو مکمل شفاف بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹریننگ کا مقصد انتخابی عمل میں دی گئی ذمے داریوں کے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنا ہے، تاکہ آپ آسانی سے اپنی ڈیوٹی سرانجام دے سکیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ٹریننگ کے ذریعے ذمیواریوں کی ادائیگی کے سلسلے میں بھرپور فائدہ ہوگا۔ اس موقع پر پاکستان اسٹڈی سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شجاع احمد مہیسر و دیگر بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ 29 جون سے 12 جولائی تک پاکستان اسٹڈی سینٹر میں منعقد ہونے والے ٹریننگ مرحلے میں ضلع جامشورو کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر مقرر کیے گئے 947 پریزائیڈنگ و اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران کو ٹریننگ دی گئی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ