ایم کیو ایم کی جدوجہد موروثی حکمرانوں کے خاتمے پر مبنی ہے

44

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) متحدہ قومی موومنٹ کی جدوجہد ملک پر قابض موروثی حکمرانوں کے خاتمے پر مبنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ 226 صابر حسین قائم خانی نے حالی روڈ ٹاؤن اقرا اسکول کے سامنے انتخابی مہم کے حوالے سے منعقد کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیدوار برائے صوبائی اسمبلی 64 حاجی یونس گدی اور ایم کیو ایم حیدر آباد ڈسٹرکٹ کے ذمے داران اور حالی روڈ کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والے آج مظلومیت کا رونا رو رہے ہیں، ان کی حقیقت سے عوام اچھی طرح آشنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدر آباد کے عوام 25 جولائی کے دن ایم کیو ایم مخالفین کو ووٹ کی طاقت سے شکست دیں گے۔ اس موقع پر امیدوار برائے صوبائی اسمبلی 64 حاجی یونس صدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حیدر آباد شہر کو سیاسی مخالفت کی بنیاد پر مسائل سے دوچار کرنے والوں کے لیے 25 جولائی یوم احتساب ثابت ہوگا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ