مون سون سے قبل انتظامی تیاریوں کو مکمل کیا جائے، صدر اسمال انڈسٹریز حیدر آباد

40

حیدرآباد(نمائندہ جسارت) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد اکرم انصاری نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی سربراہ ہونے کی حیثیت سے مون سون بارشوں سے قبل بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد، واسا حکام اور حیسکو حکام کا اجلاس بلا کر اُن کے سربراہان کو اس امر کا پابند بنائیں کہ وہ اس سلسلے میں ضروری انتظامات کریں تاکہ اچانک بارشوں کے سبب لوگوں کو ماضی کی طرح کسی بھی مصیبت میں مبتلا نہ ہونا پڑے۔ اُنہوں نے کہا کہ بلدیاتی حکام نالے نالیوں، سیوریج پمپس، واسا حکام سیوریج سسٹم اور حیسکو حکام اپنی بوسیدہ بجلی سپلائی لائنوں کی ضروری مرمت اور تنصیب کرلیں۔ واسا اور بلدیہ حکام نالے نالیوں کی ڈی سلٹنگ کریں اور کچروں کے ڈھیر اُٹھائیں تاکہ بارش کی آمد کے ساتھ سڑکیں صاف ستھری رہیں اور آمد و رفت اور پانی کی روانی میں رُکاوٹ نہ ہو۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ڈپٹی کمشنر صاحب اس سلسلے میں ضروری اقدام کی نگرانی بھی کریں گے تاکہ صورتحال خراب نہ ہو۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ