سازشی عناصر پی پی کیخلاف منصوبوں میں کامیاب نہیں ہوں گے، سراج درانی

64

شکارپور (رپورٹ: محمد ابراہیم بروہی) اسپیکر سندھ اسمبلی و پی ایس 9 کے پی پی پی امیدوار آغا سراج خان درانی نے کہا ہے کہ پی پی پی عوامی اور جمہوری پارٹی ہے۔ جب بھی پی پی پی جب بھی اقتدار میں آئی ہے اس نے منشور کے مطابق بے روزگاروں کو روزگار دیا ہے۔ پی پی پی کیخلاف کئی اتحاد بنے مگر وہ کبھی بھی اپنے سازشی منصوبوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ پی پی پی عوامی سمندر ہے، 25 جولائی حق اور سچ کا دن ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خان کلہوڑا میں منعقد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ ان سے پہلے این اے 198 کے امیدوار میر ذوالفقار کماریو، اظہر علی کماریو، عرفان عباسی، جاوید درانی اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔ دوسری جانب سابق ایم پی اے اور پی ایس 7 پر جی ڈی اے کے نامزد امیدوار آغا تیمور خان پٹھان نے کہا ہے کہ پی پی پی اب عوامی پارٹی نہیں رہی ہے اب وہ قبضہ مافیا پارٹی بن گئی ہے، ان کے یہاں ورکروں کی کوئی اہمیت نہیں، میں بلاول زرداری کی بات نہیں کررہا میں آصف علی زرداری اور ان کی بہن کے بار ے میں کہہ رہا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن و امان بحال کروانے میں رینجرز اور آرمی کے جوانوں کو کریڈٹ جاتا ہے نہ کی پی پی پی کو۔ پیپلز پارٹی والے آج تک بینظیر بھٹو کا کیس نہیں چلا سکے۔ ماڈل عیان علی کا کیس تو انہوں نے خوب چلایا اور دونوں کیسوں کا وکیل ایک ہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کا تین صوبوں سے صفایا ہوچکا ہے، جلد سندھ سے بھی صفایا ہوجائے گا۔ اس موقع پر این اے 198 پر آزاد امیدوار ڈاکٹر محمد ابراہیم جتوئی نے کہا کہ شکارپور شہر میں قبضہ گیری عروج پر ہے۔ شکارپور کے باشعور عوام 25 جولائی پر قبضہ گیروں سے اپنی جان چھڑائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال تو موجود ہیں مگر دوائیاں نہیں، ہم شہر کے عوام کی خدمت کرنے آئے ہیں نہ کہ قبضہ گیری کرنے۔ فیصلہ آپ کو ہی کرنا ہے اس لیے2 5 جولائی کو ہمیں کامیاب کروائیں۔ اس موقعے پر پیر عبدالستار، زاہد پہوڑ، مقصود میرانی، دلشیر مجید میرانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس سے قبل مفتی دالے میں احسان جتوئی، عمیر سومرو، مرتضیٰ مفتی، منگی محلہ میں شاہنواز سنجرانی، محمد نواز سنجرانی اور مختلف برادریوں کی جانب سے منعقد کارنر اجلاسوں میں ڈاکٹر محمد ابراہیم جتوئی اور آغا تیمور خان پٹھان شریک ہوئے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ