جیکب آباد، پانی کی قلت کیخلاف ایم ایم اے کا دھرنا، قومی شاہراہ بند

59

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) ایم ایم اے کے امیدواروں کا الیکشن مہم کے دوران ڈیرہ موڑ پر مرکزی رہنما اکرم درانی پر بم حملے اورپانی کی قلت کیخلاف مظاہرہ و دھرنا، سڑک بند۔ متحدہ مجلس عمل کے این اے 196 پر نامزد امیدوار ڈکٹر اے جی انصاری، پی ایس ٹو ٹھل کے سید شاہ محمدشاہ کی قیادت میں باہو کھوسو سمیت مختلف علاقوں میں انتخابی مہم کی گئی، ڈیرہ موڑ پر ایم ایم اے کے مرکزی رہنما اکرم درانی پر بم حملے اور زرعی پانی کی قلت کیخلاف ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین کے ہاتھوں میں بینر اورپلے کارڈ تھے جن پر نعرے درج تھے۔ مظاہرین ڈیرہ موڑپر دھرنا دے کر بیٹھ گئے، جس کے باعث روڈ بلاک اورٹریفک معطل ہوگئی۔ مشتعل مظاہرین نے اکرم درانی پر حملے کیخلاف فلگ شگاف نعرے لگائے۔ بعد ازاں پریس کلب کے سامنے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایم اے کے امیدوار ڈاکٹر اے جی انصاری، سید شاہ محمد شاہ، عبدالباسط شاہ، عبدالمالک گھنیو، مولانا تاج محمد بھٹی، عبدالرزاق بنگلانی، سعید احمد، منظور احمد طوفانی، بقا محمد چھجن، عنایت اللہ مہر، مفتی عبدالمجید اور دیگر نے تقاریر میں کہا کہ ایم ایم اے کے مرکزی رہنما اکرم درانی پر بم حملے میں چار افراد کی شہادت اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی شدید لفظوں میں مذمت کرتے ہیں، سازش کے تحت انتخابات ملتوی کرانے کے لیے حملے کیے جارہے ہیں، مگر ہمارے حوصلے بلند ہیں، شہادتیں ہماری میراث ہیں، کسی بھی صورت میں الیکشن ملتوی ہونے نہیں دیں گے۔ اس موقع پر آبادگاروں اور ایم ایم اے کے کارکنان نے مانجھی شاخ اور لونڈ شاخ میں زرعی پانی کی قلت کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ زرعی پانی کی قلت کے باعث زمین بنجر ہورہی ہے۔ پانی کی قلت ختم کرکے پانی فراہم کیا جائے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ