انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے سخت ردعمل کاعندیہ دے دیا

51

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے جامعہ انتظامیہ کی جانب سے اساتذہ کے خلاف کسی بھی کارروائی پر سخت ردعمل دینے کا عندیہ دیا ہے۔ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رجسٹرار کے ذریعہ جامعہ اساتذہ کو مختلف اداروں کی نظر میں بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ، تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو بھیڑ بکریوں کی طرح بسوں میں بھر لے جایاجارہا ہے جوا ساتذہ کرام رضاکارانہ طور پر ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں وہ بھی سخت حالات اور انتظامی بد نظمی کا شکار ہیں۔ انجمن
اساتذہ جامعہ کراچی ان حالات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور وہ اپنے کسی ایک بھی استاد کی بے توقیری برداشت نہیں کرے گی۔ اگر جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے کسی بھی استاد کے خلاف کوئی اقدام اُٹھایا اس کا سخت اور بھر پور ردعمل دیا جائیگا ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جامعہ کراچی انجمن اساتذہ نے جامعہ کی انتظامیہ کی جانب سے اساتذہ کو دھمکی آمیز، فون کالز، پیغامات او ر خطوط کے خلاف جامعہ کراچی انجمن اساتذہ کی دی گئی پُر امن کال پر امتحانات کا بائیکاٹ کیا ۔ جامعہ کی انتظامیہ کی جانب سے دباؤ دھونس اور سنگین نتائج کی دھمکیوں کے باوجود اساتذہ نے ایوننگ میں ہونے والے امتحانات کا بائیکاٹ کیا جس پر ہم تمام اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ یہ انتہائی قابل مذمت ہے کہ اب جامعہ کی انتظامیہ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے ہمارے تدریسی اور غیر تدریسی عملہ کو ہراساں کرنے پراُتر آئی ہے۔انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے اعلامیہ میں مزید کہا ہے کہ جامعہ انتظامیہ نے اپنی نااہلی اور بد انتظامی کو چھپانے کے لیے رجسٹرار کے ذریعہ جامعہ کے اساتذہ کو مختلف اداروں کی نظر میں بدنام کرنے کی کوشش کی اس کے علاوہ جامعہ اور اسکے ملازمین کی عزت اور وقار کو دھچکا پہنچا یا ہے۔ ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی اور انتخابی ذمے داریوں کی ادائیگی میں آر او ز اور ڈی آر اوز کی مخلصانہ کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے لیے غلط فہرستوں کو الیکشن کمیشن بھیجا گیا۔تدریسی اور غیر تدریسی منتخب تنظیموں کی کوششوں کو جان بوجھ کے پسِ پشت ڈالا گیا۔ شیخ الجامعہ نے اس اہم معاملے میں نہ کبھی اساتذہ کو اور نہ ہی غیر تدریسی عملہ کو اعتماد میں لیا اور غیر تدریسی عملے کو بھیڑ بکریوں کی طرح بسوں میں بھر کر لے جایا گیا جہاں انکو نامساعد حالات کا سامنا کرنا پڑا۔
انجمن اساتذہ جامعہ کراچی

Print Friendly, PDF & Email
حصہ