پی آئی اے کا حج آپریشن شروع، پہلی پرواز مدینہ روانہ

139

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے اپنے حج آپریشن کا آغاز کردیا اور قومی ایئر لائن کی پہلی پرواز 3 سو 27 عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگئی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق پی آئی اے کا اسلام اباد سے حج آپریشن شروع ہوگیا ہے اور قومی ائیر لائن کی پہلی پرواز پی کے 7003 کے ذریعے 3 سو 27 پاکستانی عازمین حج کو اسلام آباد سے مدینہ منورہ روانہ کردیا گیا۔

اس موقع پر پی آئی اے کی پہلی پرواز سے سعودی عرب جانے والے پاکستانی عازمین کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں عازمین کو حج اور سعودی قوانین کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

ایڈیشنل سیکریٹری مذہبی امور کیپٹن (ر) آفتاب احمد اور سعودی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن حبیب اللہ بخاری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن حبیب اللہ بخاری نے کہا کہ سعودی حکومت حجاج کے لیے بہترین اقدامات کرتی ہے اور اس سال بھی حجاج کرام کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری مذہبی امور کیپٹن (ر) آفتاب احمد نے عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وزارت مذہبی امور نے پاکستانی عازمین کے لیے ہر سال کی طرح اس سال بھی بہترین انتظامات کیے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ