طالبان سچے پختون ہیں تو سامنے آکر وار کریں،مقابلے کیلیے تیار ہیں،اسفند یار ولی 

125
پشاور: اے این پی کے ورکرز ہارون بلور کی میت لانے والی ایمبولینس کے گرد جمع ہیں،چھوٹی تصویر میں اسفندیار ولی میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
پشاور: اے این پی کے ورکرز ہارون بلور کی میت لانے والی ایمبولینس کے گرد جمع ہیں،چھوٹی تصویر میں اسفندیار ولی میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

پشاور(اے پی پی )عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ طالبان سچے ہیں تو سامنے آ کر وار کریں ، مقابلے کے لیے تیار ہیں۔ ہارون بلور کی شہادت پر بلور ہاؤس پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اے این پی کو انتخابی عمل سے آؤٹ کرنے کے لیے سازش کی جا رہی ہے ، بہت صبر کر لیا اگر ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو ملک اور سسٹم کے لیے نقصان دہ ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ دشمن میں غیرت ہے تو سامنے آ کر وار کرے ہم بھی بھرپور جواب دیں گے ، چھپ کر پیٹھ پر وار کرنے والے غیرت مند نہیں بزدل لوگ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میدان خالی نہیں چھوڑیں گے اور الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہارون بشیر بلور پر حملہ انتخابی عمل پر نہیں بلکہ اے این پی کو الیکشن عمل سے باہر کرنے کی سازش کا حصہ ہے تاہم دشمن کچھ بھی کر لے ہم ڈٹے رہیں گے اور میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اتنے بڑے سانحے کے بعد بھی کوئی کہہ سکتا ہے کہ یہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہیں؟ ہمارے تحفظات بڑھتے جا رہے ہیں اور اگر صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو ملک اور سسٹم کو نقصان پہنچے گا۔بلور فیملی پر حملوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دشمن جانتا ہے کہ جب تک بلور خاندان ہے پشاور پر کوئی قبضہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے بشیر احمد بلور شہید اور ان کے فرزند ہارون بلور شہید کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان لازوال قربانیوں کے نتیجے میں ملک امن کا گہوارہ ضرور بنے گا۔ انہوں نے سانحے میں شہید ہونے والے تمام افراد کے لواحقین سے بھی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تمام شہدا کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ