نواز شریف کے استقبال کے لیے پورا لاہور امڈ آئے گا، شہباز شریف

111

لاہور (نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 13جولائی کو نوازشریف کے استقبال کے لیے پورا لاہور امڈ آئے گا، ایک فیصلہ نیب نے کیا ہے دوسرا فیصلہ عوام کریں گے، نوازشریف کو مفروضے کی بنیاد پر سزا سنائی گئی فیصلہ ناانصافی پر مبنی ہے ۔ لاہور میں
کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شہازشریف نے کہا کہ کرپشن کے ثبوت نہ ملنے کے باوجود میاں محمد نوازشریف اور مریم نوازکو نیب عدالت نے 109مرتبہ بلایا اور وہ پیش ہوئے عدالت نے خود کہا کہ کرپشن کا ثبوت نہیں ہے اور مفروضے کی بنیاد پر میاں صاحب کو 10سال کی سزا سنادی گئی مگر جن لوگوں کو کرپشن کے انبار لگا گئے ان کو بلایا تک نہیں گیا ۔ نیب عدالتوں میں سیکڑوں کیسز 10سال سے لٹکے ہوئے ہیں ۔ اگر یہ انصاف کا پیمانہ ہے تو مسلم لیگ ن اور ان کے کارکن اور عوام اس فیصلے کو رد کرتے اور 25جولائی کو اپنا فیصلہ سنائیں گے ۔ پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ پشاورمیں میٹرو نہیں بنی عوام کی بس ہوگئی، لاہور میں ڈینگی آیا تو ہمیں ڈینگی برادران کہا جب پشاور آیا تو پہاڑوں پر چڑھ گیا۔ کیا آپ لوگوں کو ایسا وزیراعظم چاہیے؟شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں کو معطل کرنا جائز اقدام نہیں، بلدیاتی نمائندوں کو 25 جولائی تک معطل کیا گیا ہے، 26 جولائی کو آپ سب بحال ہوں گے۔ اس موقع پر بلدیاتی نمائندوں نے وزیراعظم شہبازشریف کے نعرے لگائے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ