بے گناہوں کی جان لینا غیر اسلامی فعل ہے،مولانا فضل الرحمن

100

ڈی آئی خان(اے پی پی )متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور کی شہادت کو افسوس ناک‘ قابل مذمت اور ملک دشمن عناصر کی سازش قرار دیتے ہوئے اسے سیکورٹی انتظامات پر بڑا سوالیہ نشان قرار دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں جے یو آئی کے تحصیل جنرل سیکرٹری چودھری اشفاق ایڈووکیٹ کی جانب سے دیے گئے استقبالیے سے خطاب کے دوران کیا ۔پاکستان مسلم لیگ کے صوبائی نائب صدر راجا اختر علی‘ ایم ایم اے کے سٹی ون سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار ملک مشتاق احمد ڈار،چودھری اشفاق ایڈووکیٹ اور مولاناقاری اعجاز فاروقی نے بھی خطاب کیا۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بدامنی، معاشی بدحالی ریاستوں کو تباہی کی جانب لے جاتی ہے ، اسلام امن کا دین ہے، بے گناہوں کی جان لینا انتہائی غیر اسلامی فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت جہاں ملک میں بدامنی کرائی جارہی ہے وہیں ہمارے کلچر کو بھی تباہ کرنے کے لیے یہودی لابی کے ایجنٹ سرگرم ہیں، عوام اپنے شاندار مستقبل، صوبے کی ترقی کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلی کاووٹ متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو دیں،ا یم ایم اے کو حکومت دیں ملک سے کرپشن ختم ہوجائے گی۔ کسی این آر او، کسی دہشت گرد تنظیم، کسی آف شور میں ہمارا نام نہیں ہے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ