اسٹیبلشمنٹ سمجھ لے پرانے کیسز کھولنے سے فائدہ کم نقصان زیادہ ہو گا، خورشید شاہ

77

اسلام آباد(آن لائن)سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ملک میں جمہوریت کی بالادستی کے لیے سب کچھ قربان کر دیا ہے، الیکشن کو متنازع بنانے کے لیے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف پرانے کیسز کھولے جا رہے ہیں، خبردار کرتا ہوں اس سے فائدہ کم نقصان زیادہ ہو گا، آج کل دباؤ کی سیاست ہو رہی ہے، لوگوں کو بلا بلا کر مختلف کام سپرد کرتے ہیں اس سے متعلق آصف زرداری کو خط لکھا، تمام ادارے مل کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کریں ۔ گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ الیکشن قریب آتے ہی پرانے کیسز کھولے جا رہے ہیں جس سے فائدہ کم نقصان زیادہ ہو گا، کچھ طاقتیں الیکشن کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہی ہیں، اس سے قوم کا نقصان ہو گا، اسٹیبلشمنٹ کو سمجھ کر چلنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ آج کل دباؤ کی سیاست ہو رہی ہے لوگوں کو بلا بلا کر بتایا جاتا ہے کہ فلاں فلاں کام کرو اس لیے بحثیت پاکستانی اور سیاستدان ضرور سمجھا اور آصف زرداری کو خط لکھا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ادارے خود مختار ہو کر کام کریں،ایک دوسرے کے کاموں میں مداخلت کرنے سے انتظامی حالات بگڑ جاتے ہیں اور ملک مسائل کی طرف جاتے ہیں۔ تمام اداروں کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ