پشاور :دھماکے کی تحقیقات کیلیے جے آئی ٹی تشکیل ،جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہوگئی،شہر میں سوگ تدفین 

149

پشاور/اسلام آباد( خبرایجنسیاں)پشاور دھماکے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی جب کہ حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 21ہوگئی ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور سمیت 11افراد کو سپردخاک کردیا گیا۔یکہ توت حملے کے بعد شہر کی فضا سوگوار ہے ‘کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی نے 10روزہ سوگ کا اعلان کردیاہے جب کہ تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں ایک روز کے لیے اپنی انتخابی مہم روک دی ۔ خیبرپختونخوا بار کونسل نے بھی واقعے پر 3روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جس کے باعث وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔ علاوہ ازیں نگراں صوبائی وفد نے اے این پی کے مقتول رہنما ہارون بلور کے گھر جا کر اظہار تعزیت کیا جب کہ نگراں وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) دوست محمد خان کی زیر صدارت کابینہ کے ایک ہنگامی اجلاس میں انتخابی مہم کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے بارے میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔دوسری جانب ہارون بلور کی ہلاکت کے بعد الیکشن کمیشن نے پی کے 78 پر انتخابات کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ حلقے میں نتخابات کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔دوسری جانب صدر مملکت ممنون حسین ‘سابق وزیراعظم نواز شریف اور امریکی سفارتحانے کی جانب سے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خودکش حملہ آور کا تعلق یکہ توت ہی سے تھا۔ آئی جی خیبرپختونخوا نے شہر بھر میں سرچ آپریشن کی ہدایت جاری کردی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ