نوابشاہ ،قائد عوام انجینئرنگ یونیورسٹی کاترکی کے ساتھ ایم او یو

84

نوابشاہ (نمائندہ جسارت)قائدعوام انجینئرنگ یونیورسٹی نواب شاہ کی جانب سے طلبہ واساتذہ کو ترکی میں تعلیم وتحقیق کے لیے 5 یونیورسٹیوں کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں قائدعوام یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم رضا سموں نے ترکی کی 5 یونیورسٹیوں کے ریکٹرز کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جن میں اسکاریا یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر مظفرالماس، انبانت بیصل یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر مصطفی علی شارلی، کارا بوک یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر رفیق دولات، حاجی تی پی یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اھلق اوزان ، اتاترک یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اومارچو ماکلی شامل ہیں۔ قائدعوام یونیورسٹی کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر گردن داس نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مزیدکہا کہ قائدعوام یونیورسٹی ترکی کی ان 5 جنرل یونیورسٹیز کے ساتھ میولانا ایکسچینج پروگرام کے تحت ایم او یو پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت قائدعوام یونیورسٹی کے بیچلر،ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کرنے والے 50طلبہ واساتذہ 6 ہفتوں سے 6 ماہ تک ترکی حکومت کے خرچے پر ان یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کریں گے اور تحقیق کریں گے، ان کی رہائش ،ٹکٹ ودیگر تمام اخراجا ت یہ یونیورسٹیاں برداشت کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے تحت ترکی کے طلبہ بھی قائدعوام یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کے علاوہ تحقیق بھی کرسکیں گے اور یہ پروگرام تعلیمی سال 2018-19ء میں شروع ہوگا جبکہ قائدعوام یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم رضا سموں کی کوشش ہے کہ طلبہ واساتذہ کو مزید تعلیم وتحقیق کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف ممالک کی مزید یونیورسٹیوں سے رابطہ کرکے ایم او یو سائن کیے جائیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ