عوامی مسائل کے حل کیلیے بھر پور کوشش کر رہے ہیں،میر نوید کلمتی

91

گوادر(آئی این پی ) صوبائی نگران وزیر برائے پی ایچ ای اور بی سی ڈی اے میر نو ید جان کلمتی نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلیے بھر پور کوشش کر رہے ہیں ، ٹینکر مالکان کو واجبات کی ادائیگی کیلیے رقم جاری کر دی گئی ہے ، ضلع گوادر میں پانی بحران سنگین ہو چکا ہے، ایف ڈبلیو پلانٹ اپنے تکمیل کے مراحل میں ہے ، ابتدائی طور پر ڈیڑ ھ لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ چائینز کمپنی کے پلانٹ سے شہر ی علاقوں کو دولاکھ گیلن پانی یومیہ فراہم کیا جائیگا،ضلع گوادر کے اہم مسائل سے نگران حکومت اور اعلیٰ حکام کو گاہے بہ گاہے آگاہی فراہم کررہا ہوں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گوادر پر یس کلب کے پروگرام حال احوال میں گفتگو کر تے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو منصب مجھے دیا گیا ہے اس کے تحت عوامی مسائل کے حل کے لےئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہوں، اس وقت ضلع گوادر میں پانی کا بحران سنگین ہے شہری اور دیہی علاقوں میں پانی کی قلت ہے جس کو دور کرنے کیلیے اپنی سفارشات اور تجا ویز پیش کیے ہیں ایف ڈبلیو پلانٹ اپنے تکمیل کے مراحل میں ہے فی الحال ابتدائی طور پر پلانٹ سے ڈیڑ ھ لاکھ گیلن پانی مہیا کیا جارہا ہے جبکہ گوادر پورٹ پر قائم چائینز پلانٹ سے یومیہ دو لاکھ گیلن پانی سپلائی شروع کی گئی ہے ،آج سے مذکورہ پلانٹ سے شہر ی علاقوں کو پانی کی سپلائی شروع کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پسنی میں پانی بحران پر قابو پانے کیلیے ٹینکر وں کی تعداد انتہائی قلیل ہے جس میں اضافہ کیا جائے گا، بسول ڈیم کا پانی بھی پینے کا قابل نہیں رہا کنویں خشک ہور ہے ہیں ڈیسالینشین پلانٹ کی تنصیب سے پانی کے بحران پر قابو پا یا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کو پانی فراہم کر نے والے ٹینکر مالکان کے واجبات کی ادائیگی کے لیے فنڈز ریلیز کر اچکا ہوں ،گوادر پر یس کلب کی گرانٹ جس کی منظوری سابقہ صوبائی حکومت نے دی تھی، کے اجرا کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں ۔ اس موقع پر گوادر رئیل اسٹیٹ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غلام محمد ناگوری اور معروف کاروباری شخصیت حاجی کریم داد دشتی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ