ڈی جی سی اے اے کامختلف ائرلائنوں کی پروازوں میں تاخیر کا نوٹس 

54

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل غلام حسن بیگ نے مختلف ائرلائنوں کی پروازوں میں تاخیر کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ائرلائنز کو تاکید کی جائے کہ وہ پروازوں میں تاخیر کرنے سے اجتناب کریں کیونکہ دوسروں کی طرح مسافروں کا وقت بھی قیمتی ہوتا ہے۔ یہ ہدایت انہوں نے جمعرات کو ائرپورٹ منیجروں کے اجلاس کی صدارت کے دوران دی۔ ڈی جی سی اے اے نے ائرپورٹ منیجروں کو تاکید کی کہ وہ اپنی خدمات میں بہتری لانے کے لیے سنگاپور چانگی ائرپورٹ اور انچان ائرپورٹ جیسے دنیا کے کلیدی ائرپورٹوں کے معیار کو اپناتے ہوئے خطے کے بہترین ائرپورٹس کی فہرست میں اپنے
ائرپورٹ شامل کریں۔ملک کے بڑے ائرپورٹس پر فراہم کی جانے والی خدمات کا تنقیدی جائزہ لیتے ہوئے ڈی جی سی اے اے نے مسافروں کو اطمینان بخش خدمات فراہم کرنے کے لیے ہر ائرپورٹ پر خدمات کی بھرپور بہتری کے لیے ائرپورٹس کاؤنسل کی عالمی گائیڈ لائنز کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ غلام حسن بیگ نے مزید کہا کہ عالمی شہرت یافتہ برانڈز کو ملکی ائرپورٹس پر اپنی تجارتی خدمات شروع کرنے پر قائل کرتے ہوئے ائرپورٹس کی کاروباری استعداد کو کام میں لایا جائے۔ایم آر اوز اور کارگو ویلیجز جیسی اقتصادی اور شہری ہوابازی کی سرگرمیاں شروع کرنے کے لیے ڈی جی سی اے اے نے ائرپورٹس کو اپنی زمینوں سے بھرپور استفادہ کرنے کی تاکید کی۔ائرپورٹ سیکورٹی فورس(اے ایس ایف) اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں سے روابط مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے غلام حسن بیگ نے کہا کہ سیفٹی اور سیکورٹی کے معیارات اکاؤ کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں بنائے جائیں کیونکہ ہم سیکورٹی خطرات کے زیر اثر ہیں۔ مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈی جی سی اے اے نے ملک کے بڑے ائرپورٹس پرمسافروں کی مدد کے کاؤنٹرز کھولنے کی تاکید کی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ