عید کی خوشیوں میں معاشرے کے محروم طبقات کو شامل کیا جائے،ذکراللہ مجاہد

39

لاہور (نمائندہ جسارت) صدر متحدہ مجلس عمل و امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہدنے کہا ہے کہ روزہ صبر اور برداشت کا نام ہے ،ہمیں چاہیے کہ اپنے عموعی رویوں میں بھی صبر و برداشت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور معاشرے میں مساوات و برابری کے رویوں کو قائم کریں اور عید کی خوشیوں میں معاشرے کے محروم طبقات کو شامل کریں۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے ڈاکٹر شہزاد احمد کی طرف سے این اے 128سے امیدوار چودھری منظور حسین گجر کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہو ں نے کہا کہ عید کا تہوار عالم اسلام کی اجتماعی خوشیوں کا مظہر ہے ۔تمام مسلمانوں کو اپنے اردگرد بسنے والوں غریب اور ضرورت مندوں کے ساتھ عیدکی خوشیاں بانٹنے میں زیادہ سے زیادہ سخاوت کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ضرورت مند مسلمان بھائیوں کی مدد کر کے عیدکی خوشیوں کو دوبالا کیا جا سکتاہے، مستحق لوگوں کی خدمت ہر صاحب حیثیت پر فرض ہے اور بحیثیت مسلمان ہمیں چاہیے کہ اپنی اپنی استطاعت کے مطابق غریبوں کی دلجوئی کریں تاکہ ان کی خوشیاں دوبالا ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے کی مذہبی اور سماجی روایت ہے کہ ہم مجبور اور مستحق افراد کی دل کھول کر مدد کرتے ہیں اور اس کار خیر کو مزید بڑھایا جانا چاہیے ۔انہو ں نے مزید کہا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ نے ہمیشہ غریبوں اور مسکینوں کی مدد کرنے کا حکم دیا ہے اور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کی تاکید کی ہے تاکہ عید جیسے خوشی کے دن کے موقع پر ہمارے غریب بہن بھائی بھی اس خوشی میں برابر شریک ہوسکیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں