امریکی غلام حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کاوقت آگیا ، میاں مقصود

108

لاہور (نمائندہ جسارت) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کا وجود ملک وقوم کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔عوامی خدمت اور ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ متحدہ مجلس عمل کی باکردار، صالح اور محب وطن قیادت کو کامیاب کرایا جائے۔ 2018ء کے انتخابات ملک میں بڑی تبدیلی اور اسلامی انقلاب کی راہ ہموار کریں گے۔ پاکستان کے عوام 70 برسوں سے چوروں، ٹھگوں، جرائم پیشہ افراد کے شکنجے میں ہیں۔ یہی افراد بار بار منتخب ہوتے رہتے ہیں۔ جب تک حقیقی قیادت کو موقع نہیں دیاجائے گا لوگوں کو درپیش مشکلات ختم نہیں ہوسکتیں۔ متحدہ مجلس عمل خیبر پختونخوا، پنجاب، کراچی اور سندھ سمیت ملک بھر میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبائی دفتر منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں نے پاکستان کو تباہ حال کردیا ہے۔عوام کو کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔مہنگائی،بے روزگاری کے ستائے اور لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلاعوام ماضی کے حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں۔امریکی غلامی کادم بھرنے والے لبرلزحکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کاوقت آگیا ہے۔عام انتخابات ان ظالم وجابرحکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے85فیصد نوجوان ملک کے اندراسلامی شریعت کانفاذ چاہتے ہیں۔یہ ملک اللہ اور اس کے رسولؐ کے نام لیواؤں نے بڑی قربانیاں دے کر حاصل کیا لہٰذا اس میں کوئی سیکولرنظام کامیاب نہیں ہوسکتا۔قائداعظم محمد علی جناح نے بارہااپنی تقریروں میںیہ کہاتھاکہ پاکستان کاآئین قرآن وسنت کے مطابق ہوگا۔پاکستان اسلام کاقلعہ ہے اور عالم اسلام کی توجہ کی مرکز ہے۔ہم سب کی ذمے داری ہے کہ ملک کے اسلامی تشخص اور نظریے کی حفاظت کریں۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ متحدہ مجلس عمل نے ملک بھر سے اپنے امیدوار فائنل کرلیے ہیں اور اختلافی نشستوں کے لیے اتفاق رائے کافارمولاطے پاگیا ہے۔ایم ایم اے22کروڑعوام کو باوقاربنائے گی اور پاکستان کو غلامی کی زنجیروں سے نکالے گی۔اسلامی فلاحی ریاست کے لیے ضروری ہے کہ قومی یکجہتی کوفروغ دیا جائے۔ اسٹیٹس کوکی جماعتوں نے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاہے جس کی وجہ سے ملک کے عوام میں مایوسی بڑھ رہی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ