شہریوں کو صاف و شفاف ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ارسلان شیخ

57

سکھر (نمائندہ جسارت) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف و شفاف ماحول کی فراہمی ہما ری اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں ایک جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے جبکہ خصوصی اقدامات بھی کیے جارہے ہیں ‘ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں ہر شخص کو ایک ذمے دار شہری کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ مطلوبہ مقاصد حاصل ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر میں صفائی ستھرائی کے لیے منگوائے گئے 60 لاکھ روپے مالیت کے 30 منی لوڈرز ‘ 2 مکینیکل سوئپنگ مشینز اور 2 برومر مشینیں تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ یوسی چیئرمین حنیف میمن ، عزیز اللہ مغل ‘ عابد گل مہر ‘ فرید صدیقی ‘ یاسین آرائیں ‘ مختار کھوکھر ‘ میونسپل کمشنر پیر واحد بخش ، ایگزیکٹو انجینئر شرف الدین ڈنور ، چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر آصف علی خان و دیگر میونسپل افسران بھی تھے۔ میئر سکھر نے کہا کہ منی لوڈرز منگوانے کا مقصد شہریوں کو باالخصوص عید کے موقع پر صاف ستھرے ماحول کی فراہمی ہے جبکہ گلیوں و محلوں کی صفائی میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا تھا ، بڑی گاڑیاں گلیوں میں داخل نہیں ہوسکتیں اس لیے منی لوڈرز منگوائے گئے ہیں تاکہ گلی و محلوں سے بھی کچرا اٹھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی آبادی بڑھ چکی ہے ‘ تجارتی مراکز میں بار بار صفائی کی ضرورت پڑتی ہے، اس لیے شہر میں مکینائز سوئپنگ متعارف کروارہے ہیں جس کے لیے مکینیکل اور برومر مشینیں بھی منگوائی گئی ہیں تاکہ جدید مشینوں کے ذریعے شہر کی صفائی کرائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب بلدیاتی قیادت شہریوں کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہے جبکہ عوام کا تعاون بلدیاتی خدمات میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ